Book Name:Siddiq e Akbar Ka Kirdar o Farameen
ربِّ ذوالجلال عَزَّ وَجَلَّ کی مدد جس کے شاملِ حال ہو جائے اُس کا دونوں جہانوں میں بیڑا پار ہے۔اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی مدد سے بڑی بڑی مصیبتیں ٹل جاتی ہوں گی اور ہمیں اِس کی خبر تک نہیں ہوتی ہو گی۔خُطبے والی دُعا کے بعد کچھ اور بھی ہے اوروہ یہ ہے:وَاخْذُلْ مَنْ خَذَلَ دِیْنَ سَیِّدِنَا وَمَوْلٰـنَا مُحَمَّد۔ یعنی اے اللہ عَزَّ وَجَلَّ ! جوہمارے آقااورمولیٰ محمدِ مَدَنی صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے دِین کی مدد نہ کرے تُو بھی اُس کی مددنہ فرما ۔
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!ڈر جانے کا مقام ہے ۔اللہ عَزَّ وَجَلَّ جس کی مد د نہ فرمائے گا، یقیناً وہ کہیں کا نہ رہے گا۔ ہم میں سے ہر ایک کو چاہئے کہ غور کرے کہ وہ اپنے لئے دُعا لے رہا ہے یا بددُعا! ہر وہ کام دِینِ مصطَفٰے کی مدد ہے جس سے شَجَرِ اسلام پھلے اورپھُولے،کُفّار داخلِ اسلام ہوں اور بگڑے ہوئے مسلمانوں کی اِصلاح ہو۔بس نیکی کی دعوت کی خوب دُھومیں مچائیے،مَدَنی قافِلوں میں سُنّتوں بھرا سفر فرمایئے، خود بھی سنّتیں سیکھئے اور دوسروں کوبھی سکھائیے اوریوں دِینِ خدا و مصطَفٰے کی خوب خوب مدد کرکے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی امداد کی بِشارت پایئے کہ خود اُس کا وعدہ ہے۔چنانچِہ ’’ کنزُالایمان مَع خزائنُ العرفان‘‘ صَفْحَہ932پر پارہ26 سورۂ محمد کی ساتویں آیت میں ارشادِ پاک ہے:
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِنْ تَنْصُرُوا اللّٰهَ یَنْصُرْكُمْ وَ یُثَبِّتْ اَقْدَامَكُمْ(۷) (پ۲۶،محمد:۷)
تَرْجَمَۂ کنز الایمان :اے ایمان والو اگر تم دینِ خدا کی مدد کرو گے اللہ تمہاری مدد کرے گا اور تمہارے قدم جمادے گا۔
(مُلَخَّص از خزائن العرفان ص۹۳۲)(نیکی کی دعوت حصہ اول ص ۵۲۰ تا ۵۲۱)
پھر اللہ عَزَّ وَجَلَّ تمہاری مدد کرے گا یعنی جب مومن اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے دِین کی تبلیغ میں کوشش کرے گا تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کے لئے آسانیاں پیدا فرما دے گا، اس کو اس مہم میں ثابت قدم رکھے گا، اس کو ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے گا۔
عطا ہو نیکی کی دَعوَت کا خُوب جَذبہ کہ | دُوں دُھوم سُنتِ مَحبُوب کی مَچا یَارَبّ |
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد