Book Name:Bemari kay Faiday
بیمار رہنا پسند کرتا۔ پھر نبیِّ کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اپنا سر آسمان کی طرف اُٹھایا اور مسکرانےلگے۔ عرض کی گئی ، یارسولَاللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ!آپ آسمان کی طرف سر اُٹھا کر کیوں مسکرائے ؟ارشاد فرمایا : میں دو (2) فرشتوں پر حیران ہوں کہ وہ دونوں ایک بندے کو ایک مسجد میں تلاش کررہے تھے ، جس میں وہ نماز پڑھا کرتا تھا ، جب انہوں نے اسے نہ پایا تو واپس چلے گئے اور عرض کی ، اےربِّ کریم! ہم تیرے فُلاں بندے کے دن اور رات میں کئے ہوئے اعمال لکھتے تھے ، پھر ہم نے دیکھاکہ تونے اُسے آزمائش میں مُبْتَلا فرمادیا۔ تو اللہ پاک فرماتا ہے : میرا بندہ دن اور رات میں جو عمل کیا کرتاتھا ، اس کے لئے وہ عمل لکھو اور اس کے اجر میں کمی نہ کرو ، جب تک وہ میری طرف سے آزمائش میں ہے ، اس کا ثواب میرے ذِمّۂ کرم پرہے اور جو اعمال وہ کیا کرتا تھا ، اس کے لئے ان کا بھی ثواب ہے۔ (معجم اوسط ، ۲ / ۱۱ ، حديث : ۲۳۱۷)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمّد
پیاری پیاری اسلامی بہنو!بیان کردہ حدیثِ پاک سے ہمیں چند باتیں معلوم ہوئیں :
(1)پہلی بات یہ معلوم ہوئی کہ بات کرتے ہوئے مسکرانا سنت ہے۔ (مکارِمُ الاخلاق ، ص۳۱۹ ، رقم : ۲۱)مسکرا کر ملنا ، مسکرا کر کسی اسلامی بہن کو سمجھانا عُمومًا نیکی کی دعوت کے مدنی کام کو نہایت آسان بنا دیتا اور حیرت انگیز نتائج کا سبب بنتا ہے۔ ہماری معمولی سی مسکراہٹ کسی اسلامی بہن کا دل جیت کر اُس کی گناہوں بھری زندگی میں انقلاب لاسکتی ہے۔ لہٰذاسُنّت کی نِیَّت سےمُسکرا کر ملنےاور بات کرنے کی عادت بنانے کی کوشش جاری رکھنی چاہئے اور اس کے فائدے (Benefits)اپنی کھلی آنکھوں سے دیکھئے۔