Book Name:Teen Dost
مکتبۃ المدینہ کی ایک کتاب ہے: آسان نیکیاں۔ یہ کتاب مکتبۃ المدینہ سے طلب کیجئے! یا دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ www.Dawateislami.net سے مفت ڈاؤنلوڈ کر لیجئے! اسے پڑھیئے اور اس میں لکھی گئی آسان نیکیاں اپنانے کی کوشش کیجئے۔اِنْ شَآءَاللہُ الْکَرِیْم! بہت برکتیں نصیب ہوں گی۔
آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم رَجَب کے روزے رکھتے
اے عاشقانِ رسول ! رجب شریف کی اہم ترین عبادت روزے رکھنا ہے۔حضرت عُرْوَہ بن زبیر رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ نے حضرت عبد اللہ بن عمر رَضِیَ اللہُ عنہما سے پوچھا: کیا اللہ پاک کے نبی، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہ ُعَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم رجب شریف میں روزہ رکھتے تھے؟ فرمایا: ہاں! (روزے بھی رکھتے تھے) اور اسے اہمیت (Importance) بھی دیتے تھے۔ ([1])
2 سال کی عبادت کا ثواب
جنّتی صحابی حضرت انس بن مالِک رَضِیَ اللہُ عنہ سے روایت ہے، سرکارِ نامدار، دوعالَم کے مالِک ومختار صَلَّی اللہ ُعَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: جس نے ماہِ حرام میں 3 دِن جمعرات، جمعے اور ہفتے کےروزے رکھے، اس کےلئے 2سال کی عبادت کا ثواب لکھا جائے گا۔([2])
پیارے اسلامی بھائیو! یہاں ماہِ حرام سے یہی 4 مہینے یعنی ذو القعدہ، ذو الحجۃ، محرم اور رَجَب مراد ہیں، ([3])ان 4 مہینوں میں سے جس مہینے میں بھی جمعرات، جمعے اور ہفتے کا روزہ رکھ لیں گے تو اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! دو سال کی عبادت کا ثواب پائیں گے۔