Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Al Isra Ayat 102 Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(50) | Tarteeb e Tilawat:(17) | Mushtamil e Para:(15) | Total Aayaat:(111) |
Total Ruku:(12) | Total Words:(1744) | Total Letters:(6554) |
{قَالَ لَقَدْ عَلِمْتَ: فرمایا : یقینا تو جان چکا ہے۔} فرعون نے حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام سے کہا تھا کہ اے موسیٰ! میں تو یہ خیال کرتا ہوں کہ تم پر جادو کیا ہوا ہے یعنی مَعَاذَاللّٰہ جادو کے اثر سے تمہاری عقل اپنی جگہ پر نہیں رہی ہے یا یہاں مَسحور، ساحر کے معنی میں ہے اور مطلب یہ ہے کہ یہ عجائب جو آپ دکھلاتے ہیں یہ جادو کے کرشمہ ہیں اس پر حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے اسے جواب دیا: اے فرعون! یقینا تو جان چکا ہے کہ ان نشانیوں کوعبرتیں بنا کر آسمانوں اور زمین کے رب عَزَّوَجَلَّ ہی نے نازل فرمایا ہے کیونکہ ان نشانیوں اور معجزات سے میری سچائی ، میراکامل العقل ہونا ، میرا جادوگر نہ ہونا اور ان نشانیوں کا خدا عَزَّوَجَلَّ کی طرف سے ہونا ظاہر ہے اور اے فرعون! میں یہ گمان کرتاہوں کہ تو ضرور ہلاک ہونے والا ہے۔( خازن، الاسراء، تحت الآیۃ: ۱۰۱-۱۰۲، ۳ / ۱۹۴، روح البیان، الاسراء، تحت الآیۃ: ۱۰۱-۱۰۲، ۵ / ۲۰۸، ملتقطاً)
{فَاَرَادَ: تو اس نے چاہا۔} یعنی فرعون نے چاہا کہ حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو اور اُن کی قوم کو سرزمین ِمصر سے نکال دے لیکن اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ نے فرعون کو اس کے ساتھیوں سمیت غرق کردیا اور حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو اور ان کی قوم کو سلامتی عطا فرمائی۔( خازن، الاسراء، تحت الآیۃ: ۱۰۳، ۳ / ۱۹۵)
{وَ قُلْنَا: اور ہم نے فرمایا۔} فرعون کی غَرقابی کے بعد اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ نے بنی اسرائیل سے فرمایا کہ اب تم اس سرزمین یعنی زمین ِمصرو شام میں سکونت اختیار کرو اور پھر جب قیامت آئے گی تو ہم تمہیں دوبارہ جمع کریں گے اور میدانِ قیامت میں پھر سعادت مندوں اور بدبختوں کو ایک دوسرے سے ممتاز کر دیں گے۔( خازن، الاسراء، تحت الآیۃ: ۱۰۴، ۳ / ۱۹۵)
Copyright © by I.T Department of Dawat-e-Islami.