Allah walon kay Rozay

Book Name:Allah walon kay Rozay

سفر پر روانہ ہوتے ہوئے انسان سفر میں کام آنے والے ضروری سامان کو ساتھ رکھتا ہے اسی طرح آخرت کے سفر پر روانہ ہونے سے پہلے پہلے اس سفر میں کام آنے والے نیک اَعْمال کا ذخیرہ بھی لازمی کرنا چاہئے، سفرِ آخرت کی تیّاری کے سلسلے میں اس حدیثِ پاک میں بیان کی گئی نصیحتیں اس قدر تاثیر کُن ہیں کہ حضرتِ ابُو ذَررَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے نبیِ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے سُن کر اسی انداز میں دوسروں تک یہ نصیحتیں پہنچائیں چُنانچہ

طویل سَفَر کا زادِ راہ

          حضرت سَیِّدُنا سُفیان ثَوری رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں کہ حضرتِ سَیِّدُنا ابُو ذَر غِفَاری رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے کعبے کے پاس کھڑے ہوکر پُکارا:اے لوگو! میں جُندب غِفَاری ہوں ،اِدھر آؤ  اپنے خیر خواہ شَفِیْق بھائی کے پاس،جب تمام لوگ اُن کے اِرد گِرد جمع ہوگئے تو آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے اُن سے پُوچھا: یہ بتاؤ کہ اگر تم میں سے کسی کا سَفَر کا اِرادہ ہو تو کیا وہ اپنے ساتھ زادِ راہ نہ لے گا جو اُسے کام آئے اور منزِلِ مَقْصُود تک پہنچادے؟ سب نے عَرْض کی:ہاں،کیوں نہیں،تو آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے (اُنہیں دُنیا کی حرْص سے بچانے اور آخرت کی حرْص کی ترغیب دِلانے کے لئے نصیحت کرتے ہوئے) اِرشاد فرمایا:یقیناًسَفَرِ آخرت اُس سَفَر سے کہیں زیادہ طویل ہے جس کا تم (یہاں)اِرادہ کرتے ہو لہٰذا (اُس کے لئے )وہ چیزیں لے لینا ،جو تمہیں فائدہ دیں ۔لوگوں نے پُوچھا کہ وہ کیا چیزیں ہیں؟ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے فرمایا:عظیم مَقاصِد کے لئے حج کرو ،قیامت کے طویل دن کے پیشِ نظر سخت گرمی میں روزہ رکھو، قبر کی وحشت سے بچنے کے لئے رات کی تاریکی میں نوافِل پڑھو ، (اُس)بڑے دن میں کھڑے ہونے کا خیال کرتے ہوئے اچھی بات کہو اور بُری بات سے باز رہو،قیامت کی دُشواری  سے بچنے کی اُمّید پر اپنے مال سے صَدَقہ اَدَا کرو ۔(1)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                   صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

[1] صفۃ الصفوۃ،ابو ذر جُنْدُب بن جُنَادۃ،الجزء:۱، ۱/۳۰۱،رقم:۶۴