Book Name:Sikhne Sikhane Ke Halqon Ka Jadwal

ظُلْم کے مُتَعَلِّق مختلف اَحْکَام

(1):ظلم شرعاً اور عقلاً حرام ہے، کسی حالت اور کسی صُورت میں جائز نہیں۔([1]) (2):جانور پر ظلم کرنا انسان پر ظلم کرنے سے زِیادہ گُنَاہ ہے کیونکہ انسان تو کسی سے اپنا دُکھ دَرْد کہہ سکتا ہے، بے زبان جانور کس سے کہے، اس کا اللہکے سِوا فریاد سُننے والا کون ہے؟([2]) (3):(اگر کسی پر ظلم کیا تو بارگاہِ الٰہی میں صِرْف توبہ کر لینا کافی نہیں بلکہ بندوں کے جو حُقُوق پامال کئے ہوں وہ بھی ادا کرنے ہوں گے مثلاً) جس کا مال دبایا ہے فرض ہے کہ اُتنا مال اُسے دے، وہ نہ رہا ہو تو اس کے وارِث کو دے، وہ بھی نہ ہو تو فقیر پر صدقہ کر دے، اس کے عِلاوہ کسی طرح اس مال سے سُبُک دوش (یعنی برئ الذِمّہ) نہیں ہو سکتا اور جسے مال کے عِلاوہ کوئی اور ایذاء دِی ہو یا بُرا کہا ہو اس سے مُعَافی مانگے یہاں تک کہ وہ مُعَاف کر دے جس طرح ممکن ہو مُعَافی لے، وہ نہ رہا ہو اور تھا مسلمان تو اس کے لئے صدقہ، تِلاوت اور نوافِل (وغیرہ نیک اَعْمَال) کا ثواب پہنچاتا رہے اور کافِر تھا تو (اسے اِیصالِ ثواب جائز نہیں، لہٰذا) اس کے عِلاوہ اور کوئی تَدْبِیر نہیں کہ اپنے رَبّ کی طرف رجوع اور توبہ و اِسْتِغْفَار کرتا رہے،  وہ مالِک وقادِر ہے۔([3])

آیتِ مُبَارَکہ

اِنَّمَا السَّبِیْلُ عَلَى الَّذِیْنَ یَظْلِمُوْنَ النَّاسَ وَ یَبْغُوْنَ فِی الْاَرْضِ بِغَیْرِ الْحَقِّؕ-اُولٰٓىٕكَ لَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ(۴۲) (پارہ:25،الشوریٰ:42)

ترجمۂ کنز الایمان:مُواخَذہ تو انہیں پر ہے جو لوگوں پر ظُلْم کرتے ہیں اور زمین میں ناحق سرکشی پھیلاتے ہیں ان کے لئے دَرْد ناک عذاب ہے۔


 

 



[1]... الاختيار لتعليل المختار، كتاب الاكراه، جلد:2صفحہ:266۔

[2]... مراٰۃ المناجیح، کتاب النکاح، نفقات کا بیان، پہلی فصل، جلد:5،صفحہ:162۔

[3]...فتاوی رضویہ، 24/379، بتغیر قلیل۔