Book Name:Sikhne Sikhane Ke Halqon Ka Jadwal

آیتِ مُبَارَکہ

اللہ پاک فرماتا ہے:

وَ لَا تَاْكُلُوْا مِمَّا لَمْ یُذْكَرِ اسْمُ اللّٰهِ عَلَیْهِ وَ اِنَّهٗ لَفِسْقٌؕ- (پارہ:8،سورۂِ الانعام:121)

تَرْجَمہ کَنْزالعِرفَان:ور جس پر اللہ کا نام نہ لیا گیا ہو اسے نہ کھاؤ اور بیشک یہ نافرمانی ہے۔

تفسیر ِصراط الجنان میں ہے : اس آیت میں اس جانور کو کھانے سے منع کیا جا رہا ہے، جسے ذَبْح کرتے وقت جان بوجھ کر اس پر  اللہ پاک  کا نام ذِکْر نہیں کیا گیا۔ لہٰذا حکم یہ ہے کہ جس جانور پر جان بوجھ کراللہ پاک  کا نام ذکر نہ کیا وہ حرام ہے اور اگر بھول کر نام لینا رہ گیا تو حلال ہے ۔([1])

فرمانِ مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم

فرمانِ آخری نبی، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم: ا پاک  نے ہر چیز پر احسان کرنے کا حکم دیا ہے، جب تم ذَبْح کرو تو بھلائی سے کرو ،تم میں سے ہر ایک اپنی چُھری تیز کرلیا کرے اور اپنے ذَبِیْحَہ (جس جانور کو ذَبْح کیا جائے اس)کو آرام پہنچائے  ۔([2])

مختصر شرح :بھلائی سے ذَبْح کرنے اور آرام پہنچانے کی کئی صورتیں ہیں:* جانور کو ذَبْح سے پہلے خوب کِھلایا پِلایا جائے *ایک کے سامنے دوسرے کو ذَبْح نہ کیا جائے *جانور کے سامنے چُھری تیز نہ کی جائے* مَذْبَح (یعنی جس جگہ ذَبْح کرنا ہے اس )کی طرف گھسیٹ کر نہ لے جایا جائے * جان نکل جانے سے پہلے اس کی کھال نہ اتاری جائے کہ یہ تمام باتیں ظلم و زیادتی ہیں  *اسی طرح تیز چُھری کے ساتھ جلدی جلدی ذَبْح کردے کہ اس میں ذَبِیْحَہ کو آرام پہنچانا ہے ،کُھنْڈی چُھری سے  ذَبْح کرنے میں بہت زیادہ تکلیف ہوتی ہے ۔([3])


 

 



[1]...صراط الجنان ،پارہ:8،سورۂِ الانعام،تحت الآیۃ :121،جلد:3،صفحہ:196،مُلتقطاً۔

[2]...مسلم،كتاب الصيد والذبائح ،باب االامر باحسان الذَبْح وقتْل ...الخ ،صفحہ:778،حدیث:955۔

[3]...مرآۃ المناجیح ،جلد:5،صفحہ:645،بتغیر قلیل۔