Book Name:Sikhne Sikhane Ke Halqon Ka Jadwal
عمامہ شریف کی 7سُنَّتَیْں ہیں ،جن میں سے 3 آج سیکھیں گے۔
(1):عمامہ شریف کم از کم ڈھائی گز اور زیادہ سے زیادہ 6گز کا ہونا سنّت ہے۔([1])
وضاحت: عمامے کی لمبائی چوڑائی میں سُنّت مقدار یہ ہے کہ لمبائی میں ڈھائی گز سے کم اور 6گز سے زیادہ نہ ہو۔ایسا بڑا رُومال جس کے اتنے پیچ آسکیں جو سَر کو چھپالیں،وہ عمامہ ہی ہے۔اور اتنا چھوٹا رُومال لپیٹنا جس کے صرف دو ایک پیچ آئیں مکروہ ہے۔([2])عمامے کی چوڑائی نصف ہاتھ (یعنی ہاتھ کی انگلیوں سے ناپنا شروع کریں تو آدھی کلائی)تک ہونی چاہئے۔اس سے تھوڑی بہت کمی زیادتی میں حرج نہیں ۔ ([3])
(2):عمامے کے نیچے سَر بند باندھنا۔([4])
وضاحت:سَر پر باندھنے کا رومال سَر بند کہلاتا ہے۔ مکی مدنی سلطان، رحمتِ عالمیان صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم جب سَر مبارک میں تیل لگاتے تو عمامہ شریف ،ٹوپی شریف اور دیگر لباس مبارک کو تیل کے اثرات سے بچانے کے لئے سَر مبارک پر سر بند لپیٹ لیا کرتے تھے۔([5])
(3):باوضو ہو کر عمامہ باندھنا۔([6])
وضاحت : جب بھی عمامہ باندھنا ہو تو پہلے وضو کر لیجئے !پھر عمامہ شریف باندھئے کہ یہ سنَّت ہے۔
نوٹ:عمامے کے متعلق تفصیلی معلومات کے لئے مکتبۃ المدینہ کی کتاب عمامہ کے فضائل پڑھئے۔