Book Name:Sikhne Sikhane Ke Halqon Ka Jadwal
مسح کی شرائط: یہ بھی یاد رہے کہ مسح جائِز ہونے کے لئے چند شرائط ہیں:(1):موزے اتنے مضبوط ہوں کہ انہیں پہن کر (بغیر جوتا پہنے) 3 میل تک سفر کریں تو نہ پھٹیں (2):ان میں سے پانی چھن کر پیر تک فورًا نہ پہنچتا ہو (3):پنڈلی پر خُود بہ خُود رُکے رہیں، ڈھلک نہ جائیں۔ جن موزوں میں یہ شرائط نہ پائی جائیں، جیسے جُرابوں وغیرہ پر مسح جائِز نہیں ہے۔ ([1])
موزوں پر مسح کے 2 فرض ہیں: (1): موزوں کی پُشت(یعنی اوپری حصّہ جو زمین پر نہیں لگتا اس) پر مسح کرنا (2): تین انگلیوں کے برابر جگہ پر تری پہنچانا ۔([2])
موزوں پر مسح کرنے کی 3 سنتیں ہیں :
(1):3 انگلیوں کے پیٹ سے مسح کرنا۔
وضاحت:ہاتھ کی تین انگلیاں پانی سے بھگو لیجئے! اب ان کے پیٹ سے مسح کیجئے! انگلیوں کی پشت سے مسح کرنا خِلافِ سُنّت ہے۔
(2): انگلیوں کو پنڈلی تک کھینچنا (3): انگلیاں کھلی رکھنا۔
موزوں پر مسح کا طریقہ *سیدھے ہاتھ کی 3 انگلیاں،سیدھے پاؤں کی پُشت پر رکھیے! اور *پنڈلی کی طرف کم سے کم 3 انگلیوں کی مقدار کھینچئے!اسی طرح * الٹے ہاتھ کی 3انگلیاں الٹے پاؤں کی پُشت پر رکھ کر پنڈلی کی طرف کم سے کم 3 انگلیوں کی مقدار کھینچئے ، سنت یہ ہے کہ کھینچ کر پنڈلی تک لے جائے۔([3])