Home ≫ Al-Quran ≫ Surah Ibrahim Ayat 3 Translation Tafseer
Tarteeb e Nuzool:(72) | Tarteeb e Tilawat:(14) | Mushtamil e Para:(13) | Total Aayaat:(52) |
Total Ruku:(7) | Total Words:(935) | Total Letters:(3495) |
{اَلَّذِیْنَ یَسْتَحِبُّوْنَ الْحَیٰوةَ الدُّنْیَا:جو دنیا کی زندگی کو پسند کرتے ہیں ۔} اس آیت میں ان کفار کے چند اوصاف بیان کئے گئے ہیں جنہیں ا س سے پہلی آیت میں آخرت کے شدید عذاب کی وعید سنائی گئی، چنانچہ فرمایا گیا کہ وہ دنیا کی زندگی کو پسند کرتے ہیں اور اسے اُخروی زندگی پر ترجیح دیتے ہیں ، لوگوں کو اللّٰہ تعالیٰ کا دین قبول کرنے سے روکتے ہیں اور دین میں ٹیڑھا پن تلاش کرتے ہیں ۔
دین میں ٹیڑھا پن تلاش کرنے کی صورتیں :
دین میں ٹیڑھا پن تلاش کرنے کی دوصورتیں ہیں ، ایک یہ کہ لوگوں کو سیدھا راستہ اختیار کرنے سے روک دینا ۔ دوسری یہ کہ حق مذہب کے بارے میں لوگوں کے دلوں میں شکوک و شبہات ڈالنے کی اور جس قدر ہو سکے حیلوں وغیرہ کا سہارا لے کر حق مذہب میں برائیاں ظاہر کرنے کی کوشش کرنا۔(تفسیرکبیر، ابراہیم، تحت الآیۃ: ۳، ۷ / ۶۰)
علم کا لبادہ اوڑھ کر حق مذہب سے بھٹکانے والے عبرت پکڑیں :
اس سے معلوم ہوا کہ جو آخرت کی بجائے دنیا کی زندگی کو پسند کرتے ہیں وہ عملی طور پرگمراہ ہیں اور جو لوگوں کو اللّٰہ تعالیٰ کے راستے اور دین سے روکتے ہیں وہ گمراہ کرنے والے ہیں ۔ حضرت عبد اللّٰہ بن عباس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا فرماتے ہیں’’جو شخص بھی دنیا کی زیب و زینت اورا س کی رنگینیوں کو آخرت کی نعمتوں پر ترجیح دے اور آخرت کی بجائے دنیا میں ہی رہنے کو پسند کرے اورحضور پُر نورصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے لائے ہوئے دین سے لوگوں کو روکے تو وہ اس آیت کے عموم میں داخل ہے ، وہ خود گمراہ اور لوگوں کو گمراہ کرنے والا ہے۔ (قرطبی، ابراہیم، تحت الآیۃ: ۳،۵ / ۲۳۹، الجزء التاسع)
اس آیت سے ان لوگوں کو عبرت پکڑنی چاہیے جو علم کا لبادہ اوڑھ کر لوگوں کو مذہب ِحق سے دور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور دین میں نئے نئے مذہب نکال کر امت کی وحدت کا شیرازہ بکھیرنے کی سعی کر رہے ہیں۔ حضرت زیاد بن حُدَیر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں کہ مجھ سے حضرت عمر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے فرمایا ’’ تم جانتے ہو کہ اسلام کو کیاچیز تباہ کرے گی؟ میں نے کہا: نہیں ۔ ارشاد فرمایا کہ ’’اسلام کو عالِم کی لغزش ،منافق کا قرآن میں جھگڑنا اور گمراہ کن سرداروں کی حکومت تباہ کرے گی۔(سنن دارمی، باب فی کراہیۃ اخذ الرأی، ۱ / ۸۲، الحدیث: ۲۱۴)
حضرت ابو درداء رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،حضورِ اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’مجھے اپنی امت پر سب سے زیادہ خوف قوم کے ان پیشواؤں اور سربراہوں سے ہے جو گمراہ کرنے والے ہیں ۔ (جامع صغیر، حرف الہمزۃ، ص۱۳۳، الحدیث: ۲۱۹۰)
علامہ عبد الرؤف مناوی رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ نقل کرتے ہیں کہ سرکارِ دو عالَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اپنی امت کی اصلاح پر بہت حریص اور امت کی مستقل بھلائی کی رغبت رکھتے تھے اس لئے آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اپنی امت پر قوم کے گمراہ کن سرداروں کی وجہ سے فکرمند رہتے تھے ۔ قوم کے پیشواؤں اور سربراہوں کی گمراہی نظام کو خراب کر دیتی ہے کیونکہ یہ لوگ قوم کے قائدین ہوتے ہیں اور جب یہ گمراہ ہوں گے تو قوم بھی گمراہی میں مبتلا ہو گی، اسی طرح جب علماء میں بھی گمراہیاں ہوں گی تو عوام کا ایک بہت بڑا حصہ گمراہی کا شکار ہو جائے گا۔ (فیض القدیر، حرف الہمزۃ، ۲ / ۵۳۱، تحت الحدیث: ۲۱۹۰)
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ لکھتے ہیں’’ائمۂ دین فرماتے ہیں’’اے گروہِ علماء ! اگرتم مستحبات چھوڑ کر مباحات کی طرف جھکو گے تو عوام مکروہات پرگریں گے، اگرتم مکروہ کروگے تو عوام حرام میں پڑیں گے، اگرتم حرام کے مرتکب ہوگے توعوام کفرمیں مبتلا ہوں گے۔ یہ لکھنے کے بعد فرماتے ہیں ’’بھائیو! لِلّٰہِ اپنے اوپر رحم کرو، اپنے اوپر رحم نہیں کرنا چاہتے تو اُمتِ مصطفٰی صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پررحم کرو۔ چرواہے کہلاتے ہو، بھیڑئیے نہ بنو۔ (فتاویٰ رضویہ، ۲۴ / ۱۳۲-۱۳۳، ملخصاً)
Copyright © by I.T Department of Dawat-e-Islami.