فیضانِ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالٰی عنہا/ شانِ خاتونِ جنت رضی اللہ تعالٰی عنہا

اسلام کی بے شمار خوبیوں میں سے یہ بھی ہے کہ اس نے عورت کو نظر انداز نہیں کیا بلکہ اسے اصلاحِ مُعَاشَرہ کے لئے اہم قرار دیا اور اسے اپنی اور دوسروں کی اصلاح کے باقاعِدہ طَور طریقے بتائے۔جن خواتین نے اسلام کی پاکیزہ تعلیمات کو   حرزِ جاں بنایا انہوں نے تاریخ میں زبردست کامیابیاں حاصِل کیں اور حقیقی ترقی کی بُلندیوں تک جا پہنچیں۔ دورِ حاضِر میں  خواتین کے حوالے سے اسلامی تعلیمات اور ان پر عمل کرنے والیوں کی سیرت عام کرنےکے لئے دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ نے متَعدد کتابیں چھاپی ہیں جن میں سے  دو کا تعارف پیشِ خدمت ہے:

(1)فیضانِ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالٰی عنہا:  اُمُّ المؤمنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ طیّبہ طاہرہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کی سیرت پر لکھی گئی 608 صفحات کی اردو زَبان میں جامِع ترین کتاب ہے۔ اس میں آپ رضی اللہ تعالٰی عنہا کی سیرتِ پاک کے 23 عنوان قراٰن و حدیث اور محدّثین کی وضاحت کی روشنی میں مُدَلَّل انداز میں بیان ہوئے ہیں جن میں آپ کا ٭ذوقِ عِبَادت، ٭عشقِ رسول، ٭تواضع و انکساری، ٭بطور مُفَسِّرہ، محدثہ اور مُفْتِیَہ آپ کی سیرت، ٭آپ کا نیکی کی دعوت دینا اور بُرائی سے منع کرنا اور ٭آپ کے اُمورِ خانہ داری وغیرہ شامِل ہیں۔ حضرتِ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کی مُبَارَک زِندگی کا اہم اور تاریخی واقعہ ”واقعۂ افک“ ہے، جس کا بیان قراٰنِ مجید، پارہ 18 سورۃ النّور کی آیات میں مفصّل طور پر ہوا ہے، یہ واقعہ اور اس کے تاریخی حقائق کو بطورِ خاص کتاب میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے عِلاوہ 46 حِکَایات اور عقائد و اعمال کی اصلاح کے بہت سارے مضامین بھی ضِمناً ذِکر ہوئے ہیں۔مجموعی طَور پر کتاب کی تیاری میں 215 کتب سے رہنمائی لی گئی ہے۔

(2)شانِ خاتونِ جنت رضی اللہ تعالٰی عنہا پیارے آقا، مدینے والے مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی لاڈلی شہزادی حضرتِ فاطمۃ الزہراءرضی اللہ تعالٰی عنہا کی سیرت پر مشتمل 500 صفحات کی انتہائی خوبصورت اور پُر مغز کتاب ہے جس میں آپرضی اللہ تعالٰی عنہا کا ٭ذوقِ عِبادت٭عشقِ رسول٭ شان و عظمت٭ کرامات ٭ایثار و سخاوت٭زُہد و تقویٰ٭اُمورِ خانہ داری ٭پردے کا اہتمام فرمانا ٭مُبارک نِکاح اور جہیز کے مُعَاملات سمیت 12 عنوان بالتفصیل تحریر کئے گئے ہیں۔ مُنَاسِب مقامات پر پیارے آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے کم و بیش 190 ارشادات، متعدد آیتیں اور بیسیوں مدنی پھول بھی بیان ہوئے ہیں۔

دونوں کتابوں کی مشترک خصوصیات٭دونوں کتابیں بطورِ خاص اسلامی بہنوں کے لئے تحریر ہوئی ہیں لہٰذا خِطَاب کے الفاظ بھی اسلامی بہنوں ہی کے لائے گئے ہیں  لیکن اسلامی بھائیوں کے لئے بھی اتنی ہی مفید ہیں جتنی اسلامی بہنوں کے لئے ٭دونوں کتابوں میں  ان مُقَدَّس بیبیوں کے بارے میں صِرف معلومات دینے پر اکتفا نہیں کیا گیا بلکہ اسلامی بہنوں کی اخلاقی اور عملی تربیَت کے لئے ان کی سیرتوں سے حاصِل ہونے والے مدنی پھول بھی ذِکر کئے گئے ہیں٭دونوں کِتابیں مِل کرگویا 35 تیار شُدہ بیانات کا مدنی گلدستہ بھی ہیں، اس لئے ائمہ کرام، خطبائے عظام اور مبلّغین کے لئے بھی یکساں مفید ہیں نیز ٭اندازِ تحریر آسان رکھنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ عام پڑھے لکھے لوگ بھی انہیں پڑھ کر مَعْلُومات کا خزانہ حاصِل کر سکیں۔

مدینہ مکتبۃ المدینہ پر فی الوقت کتاب”فیضانِ عائشہ “کی قیمت 230 روپے اور کتاب”شانِ خاتونِ جنّت“کی قیمت145روپے ہے۔ جبکہ یہ کتابیں دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ www.dawateislami.net سے ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ آؤٹ بھی کی جاسکتی ہیں۔


Share

Articles

Comments


Security Code