فیضانِ سنت (جلد اول)

کتب کا تعارف

فیضانِ سنت(جلد اول)

*مولانا محمد آصف اقبال عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اپریل 2025

ایک مسلمان کے لئے سنت کی عظمت واہمیت اور ضرورت بالکل واضح ہے،قراٰنِ پاک کو سمجھنا ہو یا اس پر عمل کرنا ہو دونوں کے لئے سنت کا علم ضروری ہے اور اطاعَتِ خدا واتباعِ رسول کے لئے سنت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔لاکھوں کی تعداد میں شائع ہونے والی ”فیضانِ سنت“ امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی وہ عظیْمُ الشان کتاب ہے جس نے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کر دیا اور وہ سنتوں بھری زندگی گزارنے والے بن گئے۔

1585صفحات پر مشتمل اس کتاب میں122 آیات قراٰنیہ، 555احادیثِ مبارکہ، 868شرعی وفقہی احکام، 608اقوالِ بزرگانِ دین، 166 وظائف، 1090مدنی پھول، 342 طبی مدنی پھول اور 635 واقعات وحکایات مذکور ہیں۔

 یہ کتاب چار ابواب پر مشتمل ہے:

(1)فیضانِ بسم  اللہ  (2)آدابِ طعام (3)پیٹ کا قفل مدینہ  (4)فیضانِ رمضان۔

پہلے باب میں بسم  اللہ  شریف کی برکات، بسم  اللہ  کب نہیں پڑھنی، کھانے پینے سے پہلے بسم  اللہ  پڑھنے کی اہمیت و فوائد، اس کے 19حروف کی حکمتیں، مقدس تحریروں کا ادب،بسم  اللہ  سے متعلق انوکھی حکایات،اس کے 29مدنی پھول اور40 روحانی علاج بیان ہوئے ہیں۔

 کتاب کے دوسرے باب”آدابِ طعام“ میں کھانے کی اہمیت، حلال لقمے کی فضیلت،کھانے کی 43 نیتیں،کھانے کے وضو کے فوائد، مِل کر کھانے کی فضیلت، کھانا اور قناعت، کھانے میں شیطان کی شرکت وعمل دخل اور اُس سے حفاظت کا نسخہ، ہاتھ سے کھانے کے طبی فوائد اور سیدھے ہاتھ سے کھانے کی اہمیت،کھانے میں اسراف کی مذمت،روٹی کا ادب،انگلیاں اور برتن صاف کرنے کی سنت،تنگدستی کے 44اسباب، کھانے کے بعد خِلال ومسواک کی اہمیت،مسواک کے متعلق 14 ہدایات، کھانے کی 25سنتیں،کھانے کے آداب، مسائل، طریقوں اور دیگر متعلقات پر مشتمل 92مدنی پھول،جنات اور اُن کی غذائیں اور اس کے بعد انوکھی، دلچسپ اور سبق آموز 99 حکایات درج ہیں جن میں ضمناً نعمت کی اقسام، بزرگوں کی کرامات،زکوٰۃ نہ دینے کے عذابات، دعوتِ اسلامی کے اولین مرکز، شراب کے نقصانات، عاشورا کے فضائل اور بدگمانی کی مذمت کا بیان ہے۔پھرکھانے پینے کی مختلف چیزوں کے بارے میں سوالات اور اُن کے شرعی، اخلاقی اور طبی جوابات تحریر کئے گئے ہیں، آخر میں دعوتِ اسلامی کی مجلسِ شوریٰ کے پہلے نگرانِ محترم حاجی مشتاق عطّاری رحمۃُ  اللہ  علیہ کا تذکرۂ خیر ہے۔

تیسرے باب”پیٹ کا قفل مدینہ“ میں بھوک سے کم کھانے کی ترغیب،اختیاری بھوک کی تفصیل،بعض حضرات انبیائے کرام علیہم السّلام کی اختیاری بھوک شریف کا بیان، فاقے، بھوک اورکم کھانے کے فوائدواہمیت،پیٹ بھرنے کی آفات،سلف صالحین کے مجاہدات،غذائیں اورکم کھانے کی حکایات اورکم کھانے اوراِس کی عادت بنانے کے طریقے مذکور ہیں اوراِ س کے بعد موضوع سے متعلق52واقعات وحکایات تحریر ہیں۔

کتاب کے آخری باب”فیضان رمضان“ میں مبارک مہینے رمضان شریف اور روزے کے فضائل وفوائد،رمضان کی عبادات اور ذکر کا ثواب،ماہِ مبارک میں گناہوں کی مذمت و عذاب، روزے کے شرعی احکام ومسائل،رمضان اور تلاوتِ قراٰن، تراویح اور اس میں ختْمِ قراٰن،تراویح کے مسائل، شَبِ قدر کی برکات واعمال، اعتکاف کی اہمیت،اس کے مسائل اور مسجد کے آداب واحکام، معتکف اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں کے لئے ہدایات، عیْدُ الْفِطْر کی خوشیاں، اس سے جُڑی باتیں،یومِ عید کی سنتیں اور مستحبات و آداب، بزرگوں کی عید، صدقۂ فطر کی اہمیت اور مسائل،نفل روزوں کے فضائل اور آخر میں روزہ داروں کی 12حکایات اور معتکفین کی 41 مدنی بہاریں شامل ہیں۔

(نوٹ: فیضانِ سنت کا یہ آخری باب ”فیضانِ رمضان“ اب مزید کثیر اضافوں کے ساتھ الگ شائع ہوتاہے۔)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ تراجم، اسلامک ریسرچ سنٹر المدینۃ العلمیہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code