ترجمۂ کنزالایمان اردو کے تمام تراجم پر فائق ہے

ترجمۂ کنز الایمان  اردو کے تمام  تراجم پر فائق ہے

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمط

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادِری رضوی  عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے تمام اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں کی خدمتوں میں:

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْن عَلٰی کُلِّ حَال!

احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی

خورشیدِ عِلْم ان کا دَرَخشاں ہے آج بھی

تمام اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں کو 25مرتبہ ” یومِ رضا“ مبارک ہو۔

یقیناً میرے آقا اعلیٰ حضرت، امامِ اَہلِ سنّت، عاشقِ ماہِ نُبُوت، ولیِ نِعمت، عظیمُ البَرَکت، عظیمُ المرتبت، پروانۂ شمعِ رِسالت،  مُجَدِّدِ دین ومِلَّت، حامیِ سنّت، ماحِیِ بِدعت، پیکرِ فُنُون و حکمت، عالِمِ شَرِیعَت، پیرِ طریقت، باعثِ خَیر و بَرَکت، حضرتِ علّامہ مولانا الحاج الحافِظ القاری شاہ امام اَحمد رضا خان علیہ رحمۃ  الرَّحمٰن  کا ”ترجمۂ کنزُ الایمان“ اُردو کے تمام تراجِم پر فائق (یعنی فوقیت رکھتا) ہے۔ یہ ترجَمہ تحتَ اللَّفظ ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف مُستند تفاسیر کا مجموعہ بھی ہے، جہاں کنزُ الایمان کے ہر ہر لفظ سے ربُّ الْاَرْباب عَزَّوَجَلَّ کے اِحترام و آداب کے سونتے پھوٹتے ہیں، وہاں  شاہِ خیرالانام صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی تعظیم و اکرام کے چشمے بھی اُبل رہے ہیں، مَعارفِ قراٰنی اور الفتِ ربّانی و شَہَنشاہِ زَمانی صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے اپنے قلوب کو نورانی بنانے کیلئے کنزُالایمان شریف کا مطالَعہ بے حد مفید ہے۔ عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک، ”دعوتِ اسلامی“ کی طرف سے باعمل بنانے کیلئے اسلامی بھائیوں کو 72، اسلامی بہنوں کو 63، طَلَبۂ علمِ دین کو 92 اور طالباتِ علمِ دین کو دیئے ہوئے 83مدنی انعامات میں سے ایک مَدَنی انعام کے مطابق ہر دعوتِ اسلامی والے اور والی کو کنزُالایمان شریف سے روزانہ کم اَز کم تین آیات کا ترجَمہ اور خزائنُ العرفان یا نورُالعرفان (یا صراطُ الجنان) سے اس کی تفسیر پڑھنی ہوتی ہے۔

 اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ! دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول میں کئی ایسے اسلامی بھائی اور اسلامی بہن ملیں گے جو کہ کنزُ الایمان شریف مع تفسیرکےمکمَّل مُطالَعے سے مُشَرَّف ہوں گے۔ جنہوں نے ابھی تک مکمَّل مطالعہ نہیں کیا اُن سب کی خدمتوں میں مَدَنی التجا ہے کہ اعلیٰ حضرت کے عرس مبارَک کے موقع پر حُصولِ ثواب کی نیّت سے مطالعے کی تکمیل کا عزمِ مُصَمَّم فرما لیں۔(طویل مکتوب سے اقتباسات)


Share

Articles

Comments


Security Code