Sachay Aashiq e Rasool ki Phechan

Book Name:Sachay Aashiq e Rasool ki Phechan

اَلْغَرض آپ کے  شب و روز کے مَعْمُولات میں اِتّباعِ رَسُوْل کی ہی جَھلک نَظر آتی ہے جو کہ یقیناً پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ سے والِہانہ عِشْق و مَحَبَّت کی دَلیل ہے ۔اللہ عَزَّ  وَجَلَّ ان کے صَدَقے ہمیں بھی اپنے حَبِیْب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ  کی ایسی ہی سچی مَحَبَّت اور اُن کی اِطاعَت نصیب فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّدٍ

(2)تعظیم وتکریم

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!مَحْبُوب کی اِطَاعَت و پَیْرَوی  کے عِلَاوہ مَحَبَّت کی ایک بہت بڑی عَلَامَت مَحْبُوب کی تَعْظِیْم و تَکْرِیْم کرنا بھی  ہے۔  نہ صرف یہ مَحَبَّت کی عَلَامَت ہے بلکہ اس کا لازِمی حِصّہ بھی ہے جِس کے بغیر مَحَبَّت کا دَعْویٰ سراسر جھوٹا ہے۔یہی وجہ ہے کہ جو شَخْص  کسی سے مَحَبَّت کرتا ہے وہ خُود بھی اس کی تَعْظِیْمکرتا ہے اور دوسروں سے بھی اِسی کی تَوَقُّع رکھتا ہے حتّی  کہ اگر کوئی شَخْص  اس کے مَحْبُوب کی بے اَدَبی و تَوْہین کر بیٹھے تو وہ مُضْطَرِبْ (بے چین )ہو جاتا ہے۔ یہ تو عام مَحْبُوب کی بات ہے جبکہ سَرْوَرِ عَالَم، نُوْرِ مُجَسَّم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ تو  کائنات کے ساتھ ساتھ خُود خالقِ کائنات عَزَّوَجَلَّ کے بھی مَحْبُوب ہیں اِسی لئے اُن  کی تَعْظِیْم و تَوْقِيْر کا حکم خُود اللہ تَبَارَک و تَعالیٰ نے دیا ہے۔چُنانچہ پارہ26،سُورۃُ الفتحکی آیت نمبر8اور9میں اِرْشاد ہوتا ہے:

اِنَّاۤ اَرْسَلْنٰكَ شَاهِدًا وَّ مُبَشِّرًا وَّ نَذِیْرًاۙ(۸)لِّتُؤْمِنُوْا بِاللّٰهِ وَ رَسُوْلِهٖ وَ تُعَزِّرُوْهُ وَ تُوَقِّرُوْهُؕ-وَ تُسَبِّحُوْهُ بُكْرَةً وَّ اَصِیْلًا(۹) ۲۶،الفتح :۸،۹)

تَرْجَمَۂ کنز الایمان: بیشک ہم نے تمہیں بھیجا حَاضِر ونَاظِر اور خُوشی اور ڈَر سُناتا تاکہ اے لوگو تم اللہ اور اس کے رَسُول پر اِیْمان لاؤ اور رَسُول کی تَعْظِیْم و تَوْقِيْر کرو اور صُبْح وشام اللہ کی پاکی بولو۔