Sachay Aashiq e Rasool ki Phechan

Book Name:Sachay Aashiq e Rasool ki Phechan

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! آج میں آپ کے سامنے سچے عاشقِ رَسُول کی پہچان  سے مُتَعَلّق مَدَنی پُھول پیش کرنے کی سَعَادَت حاصِل کروں گا ۔ عاشِقِ رَسُول ہونے کا دَعْویٰ تو بہت سے کرتے ہیں مگر ہمیں یہ دیکھنا ہےکہ کیا واقعی ہم سچے عاشِقْ ہیں یا صِرْف زَبانی دَعْوے ہی کرتے ہیں ۔سب سے پہلے میں آپ کے عِشْقِ رَسُول اورجانثاری کاایک واقعہ بیان کروں گا۔اس کے بعد نبیِّ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کی مَحَبَّت سے مُتَعَلِّق قُرآنی آیات اور اَحَادِیْثِ مُبَارَکہ پیش کروں گا۔اس کے  بعد صَحابۂ کِرام رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُم اَجْمَعِیْنکے عِشْقِ رَسُول کے واقِعات اور پیارےآقا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے مَحَبَّت کی عَلامات  کے ساتھ ساتھ ایک عاشِقِ رَسُوْل کو کیسا ہونا چاہیے؟ اِس حَوالے سے بھی مَدَنی پُھول پیش کروں گا  اور آخِر میں مِسْواک کی سُنّتیں  اور آداب بھی بَیان  کروں گا ۔آئیے پہلے ایک اِیْمان اَفْروز حِکایت سُنْتے  ہیں

کروں تیرے نام پہ جاں فدا

صُلح حُدَیْبِیہ کے سال قُریش نے حَضْرتِ سَیِّدُنا عُرْوَہ بن مَسْعُود رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ  کو (جو اس  وقت تک  ایمان نہ لائے تھے)شَہَنْشاہِ دو عالَم، نُورِ مُجسَّم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کے پاس بھیجا، اُنہوں نے دیکھا کہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ جب وضو فرماتے تو صَحابۂ کِرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان وضو کا پانی حاصل کرنے کے لئے اس قَدر تیزی سے بڑھتے کہ یُوں مَعْلُوْم ہوتا جیسے ایک دُوسرے سے لڑ پڑیں گے۔جب لُعابِ مُبَارَک  ڈالتے یا ناک صاف کرتے تو صَحابۂ کرام  عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان اسے ہاتھوں میں لے کر (بطورِ تَبرُّک) اپنے چہرے اور جِسْم پر مَل لیتے،آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ انہیں کوئی حکم دیتے تو فوراً تَعْمِیْل کرتے اور جب گفتگو فرماتے تو آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کے سامنے خاموش رہتے اور اَزْرَاہِ تَعْظِیْمآپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کی طرف آنکھ اُٹھا کر نہ دیکھتے۔