Book Name:Allah Walon Kay Ikhtiyarat
ادھر حضرت سَیِّدُنا جنید بغدادی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے بھی نُورِ فراست سے اس کی حالت مُلاحظہ فرما لی۔ چنانچہ جب وہ مُرید آیا اور آپرَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ سے ایک سوال پوچھا،جس كا یہ جواب ارشاد فرمایا:” کیسا جواب چاہتا ہے،لفظوں میں یا معنوں میں؟ بولا: دونوں طرح۔ تو آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے فرمایا: اگر لفظوں میں جواب چاہتا ہے تو سُن! اگر مجھے آزمانے سے پہلے خود کو آزما اور پرکھ لیتا تو تجھے مجھے آزمانے کی ضرورت پیش نہ آتی اور نہ ہی تُو یہاں مجھے آزمانے آتا۔ معنوی جواب یہ ہے کہ میں نے تجھے مَنصبِ ولایت سے معزول کیا۔ “یہ فرمانا تھا کہ اس مُرید کا چہرہ سیاہ ہوگیا۔وہ آہ و زاری کرتے ہوئے عرض گزار ہوا: حضور یقین کی راحت میرے دل سے جاتی رہی ہے۔ پھر توبہ کی اور فُضُول باتوں پر بھی ندامت کا اظہار کیا تو حضرت سیّدنا جنید بغدادی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے ارشاد فرمایا: تُو نہیں جانتا کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے ولی، والیانِ اسرارِ الٰہی ہوتے ہیں، تجھ میں ان کی ضرب کی برداشت نہیں۔(کشف المحجوب، ص ۱۳۷)
ہمیں بھی چاہیے کہ کسی ولی کوہرگز نہ آزمائیں نہ کسی ولی سے بد ظن ہوں اور نہ ہی دل میں کسی ولیُ اللہ کی دشمنی رکھیں، سردارِاولیاوانبیاصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّم فرماتےہیں:اللہ عَزَّ وَجَلَّ ارشادفرماتا ہے: ’’مَنْ عَادَى لِي وَلِيًّا فَقَدْ آذَنْتُهُ بِالْحَرْبِ‘‘ یعنی”جس نے میرے کسی ولی سے دشمنی کی، میں اسے اعلانِ جنگ دیتا ہوں۔ “(بخاری،کتاب الرقاق،باب التواضع... الخ ،۴/ ۲۴۸،حدیث:۶۵۰۲)
اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہمارے دلوں میں تاحیات اولیائے کرام کا ادب واحترام قائم رکھے اور ان کی شان میں بے ادبی کرنے والوں کی بُری صحبت سے محفوظ فرمائے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ
محفوظ سدا رکھنا شہا بے ادبوں سے
اور مجھ سے بھی سَرزد نہ کبھی بے ادبی ہو
(وسائلِ بخشش ص۳۱۵)
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد