Book Name:Faizan-e-Rabi-ul-Awaal
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیاری پیاری اسلامی بہنو!معلوم ہواکہ ماہِ ربیع الاول اوربالخصوص اس مبارک مہینے کی بارہویں تاریخ بڑی عظمت و برکت والی ہے، کیونکہ اسی بارہویں تاریخ کو کفر وشرک کی ساری ظلمتیں کافُور ہوگئیں،اسی بارہویں تاریخ کوہرطرف روشنی ہی روشنی ہوگئی،اسی بارہویں تاریخ کو ہرطرف خوشی کا سَماں چھا گیا،اسی بارہویں تاریخ کو حضرت جبریلِ امین عَلَیْہِ السَّلَامنے کعبے کی چھت پر جھنڈا لگایا،اسی بارہویں تاریخ کو اِیران کے بادشاہ کِسریٰ کےمحل پر زلزلہ آیا،اسی بارہویں تاریخ کواس کےمحل میں دراڑیں پڑ گئیں،اسی بارہویں تاریخ کوایک ہزارسال سے جلنے والا آتش کدہ خود بخود بُجھ گیا۔اسی بارہویں تاریخ کواللہ پاک کےحکم سے آسمان اور جنّت کے دروازے کھول دِیے گئےتھے۔ اسی بارہویں تاریخ کوشیطان کا منہ کالاہوگیا اور یہی وہ بارہویں تاریخ ہےجو عاشقان ِ رسول کے لئےعیدوں کی عید ہے ۔یہی وہ بارہویں تاریخ ہے جوشب ِقدر سے بھی افضل ترین ہے ۔
حضرتِ شیخ عبدُالحق مُحَدِّث دِہلویرَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ فرماتےہیں:بیشک سَروَرِعالمصَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَکی شبِ وِلادت شبِ قَدْر سےبھی افضل ہے،کیونکہ شبِ ولادت سرکارِ مَدینہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے اس دُنیا میں جلوہ گر ہونےکی رات ہے، جبکہ لَیْلَۃُ الْقَدْرسرکار صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو عطا کردہ شب ہے اور جو رات ظُہُورِ ذاتِ سَروَرِ کائنات صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی وجہ سے مُشَرَّف ہو، وہ اُس رات سے زِیادہ شَرَف و عزّت والی ہے، جو ملائکہ کے نُزول کی بِناء پر مُشرَّف ہے۔(مَا ثَبَتَ بِا لسُّنّۃ،ص۱۵۳ )
سَحابِ رحمتِ باری ہے بارہویں تاریخ کرم کا چشمۂ جاری ہے بارہویں تاریخ
ہمیں تو جان سے پیاری ہے بارہویں تاریخ عَدو کے دِل کو کَٹاری ہے بارہویں تاریخ