کاروبار میں وعدہ کی اہمیت

آج کل ہر کوئی یہ چاہتا ہے کہ میرا کاروبار خوب پھلے پھولے۔ کاروبار کی کامیابی کے جہاں اور اسباب ہیں وہاں ”وعدے“ کی پاسداری بھی بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ کاروبار سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی شخص اسی وقت کامیاب کاروباری بن سکتا ہے جب وہ اپنا اعتماد قائم کرنے میں کامیاب ہوجائے اور ”وعدہ“ پورا کرنے سے لوگوں کا اعتماد بحال ہوتا ہے۔ اعتماد کی بحالی کاروبار کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ بعض لوگ پارٹیوں سے  اُدھار پر مال لیتے ہیں، اگر وہ  انہیں کیے گئے ”وعدے“ کے مطابق پیسے دے دیتے ہیں تو پارٹیاں مطمئن رہتی ہیں اور جب وہ دوبارہ ان سے مال لینے جاتے ہیں تو وہ بخوشی  انہیں ادھار پر مال دے دیتی ہیں۔ یوں ہی گاہک سے آرڈر لیتے وقت جو چیز دینے کا ”وعدہ“ کیا ہو وہی دی جائے، اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ گاہک کا اعتماد قائم ہوگا اور وہ اپنے قریبی لوگوں کو بھی آپ کے پاس جانے کا مشورہ دے گا، اگر طے شدہ چیز نہ دی اور ”وعدہ خلافی“ کی تو گاہک بد ظن ہوجائے گا اور دوبارہ کبھی آپ  کی دکان کے قریب بھی نہیں پھٹکے گا اور نہ کسی کو آنے دے گا اور یوں بکِری میں کمی ہوجائے گی اور کاروبار ٹھپ ہونے کا آغاز ہوجائے گا۔ کوشش کریں جب بھی کسی سے ”وعدہ“ کریں اسے ضبطِ تحریر میں لے آئیں یا اپنے موبائل فون میں ریمائنڈر (Reminder) رکھ لیں تاکہ بھول چوک نہ ہو اور ”وعدہ“ وقت پر پورا ہوسکے۔

بعض دکاندار پیسے دینے کے بارے میں سپلائرز سے جھوٹے ”وعدے“ کرتے ہیں کہ کل  آجانا، پرسوں آجانا لیکن پھر ان کو وقت پرپیسے نہیں دیتے اوردھکے کھلاتے رہتے ہیں۔

وعدہ خلافی  حرام ہے

یاد رکھئے! بدعہدی (یعنی ”وعدہ“ پورا نہ کرنے) کی نیت سے اور فقط ٹالنے کے لیے جھوٹا ”وعدہ“ کرنا نا جائز و حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔ حدیث  شریف میں ہے: جو کسی مسلمان سے عہد شکنی کرے، اس پر اللہ عَزَّ وَجَلَّ، فرشتوں اور تمام انسانوں کی لعنت ہے اور اس کا کوئی فرض قبول نہ ہوگا نہ نفل۔(بخاری،ج1،ص616،  حدیث: 1870، ملتقطاً)

”وعدہ“ کرتے وقت اگر کسی کی نیّت ”وعدہ خلافی“ کی ہو مگر اِتفاقاً پورا کردے تو پھر بھی اُس بَدنیّتی کی وجہ سے گنہگار ہے۔ ہر ”وعدے“ میں نیّت کا بڑا دخل ہے۔(خلاصہ اَز مراٰۃ المناجیح،ج 6،ص492)

اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہمیں ”وعدہ“ پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِ الْاَمِیْن صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم


Share

Articles

Comments


Security Code