Book Name:Bolao Say Hifazat Ka Tariqa
مجھ سے ارشاد فرمایا: صدقہ و خیرات مت روکو،کہیں تمہارا رِزق نہ روک دیا جائے ۔(بخاری ، کتاب الزکاۃ ، باب التحریض علی الصدقۃ ۔۔۔الخ ، ۱/ ۴۸۳ ، حدیث : ۱۴۳۳)
حضرتِ سیِّدُنا امام بدرُ الدّین عینیرَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ اس حدیث کے تحت فرماتے ہیں: اس خوف سے اپنے مال کو صدقہ کرنے سے مت روک کہ وہ ختم ہوجائے گا، کیونکہاللہ عَزَّ وَجَلَّ تجھ پر مال کی تنگی فرمادے گا یا تجھ سے مال روک لے گا اور رِزق کے وسائل ختم فرمادے گا ۔یہ حدیثِ پاک اس بات پر دلالت کر رہی ہے کہ صدقہ مال بڑھاتا اور اس میں برکت اور زیادتی کا سبب ہوتا ہے اور جو بُخل سے کام لے اور صدقہ نہ کرےتواللہعَزَّ وَجَلَّ اس کے مال میں تنگی فرمائے گا اور مال میں برکت اور اضافہ ہونے سے بھی روک دے گا۔ (عمدۃ القاری ، کتاب الزکاۃ ، باب التحریض ۔۔۔الخ ، ۶/ ۴۱۰ ، تحت الحدیث : ۱۴۳۳)
ہمیں اللہعَزَّ وَجَلَّ کی رِضا کیلئےجس قدر ممکن ہوصدقہ وخیرات کی عادت بنانی چاہیے اور اس کی ذات پر کامل بھروسابھی رکھناچاہیےکہ وہ ہمیں دنیا وآخرت میں اس کا بہتر بدلہ عطا فرمائےگا۔ ہمارے بزرگانِ دِیناللہعَزَّ وَجَلَّ کی ذات پر کیسا کامل یقین رکھتے تھے،آئیے!اس بارے میں ایک حکایت سنتے ہیں ،چنانچہ
دو بزرگ حضرتسَیِّدَتُنَا رابعہ بصریہ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہا کے یہاں مُلاقات کے لئے حاضر ہوئے اور باہم گفتگو کرنے لگے کہ اگر رابعہ اس وقت کھانا پیش کردیں تو بہت اچھا ہوکیونکہ ان کے یہاں رزقِ حلال میسرآجائے گا۔اس وقت آپ کے گھر میں صرف 2 ہی روٹیاں تھیں ، آپ نے وہ روٹیاں ان دونوں کے سامنے رکھ دیں ، اتنے میں کسی سائل نے دروازے پر صدا بلند کی تو آپ نے وہ دونوں روٹیاں اٹھا کر اسے دیدیں ،یہ دیکھ کر وہ دونوں افراد حیرت زدہ رہ گئے۔کچھ ہی دیر کے بعد ایک کنیز بہت سی گرم روٹیاں لئے حاضرِ خدمت ہوئی اور عرض کی کہ یہ میری مالکہ نے بھجوائی ہیں۔