Book Name:Rahmat-e-Ilahi Ka Mustahiq Bananay Walay Amaal
رحمتِ اِلٰہی سے مَحرومی کے اسباب
(1)گناہوں کے سبب رحمتِ الٰہی سے محرومی
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!ہم رحمتِ الٰہی کا مستحق بنانے والے اعمال کے مُتَعَلِّق سُن رہے تھے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کاذکر کرنا،خوفِ خدا رکھنا،تلاوتِ قرآن کرنا،مساجد سےمحبت کرنا ان میں نماز پڑھناوغیرہ ایسے اعمال ہیں کہ ان کی برکت سے بندہ اللہعَزَّ وَجَلَّ کی رحمت کا حقدار بن جاتاہے ۔اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہمیں بھی نیک اعمال کرنے اور گناہوں سے بچنے کی توفیق عطافرمائے کیونکہ گناہوں کی نحوست سے بندہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی رحمت سے محروم ہوجاتاہے ،جیساکہ
حضرتِ سیِّدُنا عبداللہ بن علوی شافعی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں:’’اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی نظرِرَحمَت سے محروم ہونے اور اس کے ناراض ہونے کی علامت یہ ہے کہ بندہ گناہوں میں مبتلا ہوجاتا ہے۔ ( رسالۃ المذاکرۃ مع الاخوان المحبین من اہل الخیروالدین(مترجم)، ص۴۳۔) اور ایک گناہ کی نحوست یہ ہوتی ہے کہ بندہ دیگر گناہوں میں پڑجاتاہے لہٰذا گُناہ خواہ چھوٹا ہو یا بڑا اس سے بچنے ہی میں عافیت ہے ،حضرت سَیِّدُنا بلال بن سعد رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہفرماتے ہیں:گُناہ کے چھوٹا ہو نے کو نہ دیکھو بلکہ یہ دیکھوکہ تم کس کی نافرمانی کررہے ہو۔(الزواجر عن اقتراف الکبائر، مقدمة فی تعریف الکبیرة، خاتمة فی التحذیر۔۔الخ، ۱ /۲۷)اگر گُناہ کا اِرادہ کرتے وَقْت ہماری یہ مدنی سوچ بن جائے کہ میں جس رَبِّ کریم عَزَّ وَجَلَّ کی نافرمانی کررہا ہوں وہ تو مجھے ہر وَقْت ہر حال میں دیکھ رہا ہےتو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس طرح کافی حد تک گُناہوں سے چھٹکارا نصیب ہو جائے گا۔یادرکھئے! سارے ہی گناہ رحمتِ الٰہی سے محرومی کا سبب ہیں،آئیے!ان میں سے چند گناہوں کے بارے میں سنتے ہیں۔