Book Name:Islam Main Aurat Ka Maqam

(1)جب گھرسے باہَر نکلیں تو یہ دُعا پڑھئے:”بِسْمِ اللہِ تَوَکَّلْتُ عَلَی اللہِ لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللہِ“ ترجمہ: اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  کے نام سے ،میں نے اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  پر بھروسہ کیا ۔اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کے بغیر نہ طاقت ہے نہ قوَّت۔(ابوداود، ج۴ ص۴۲۰ حدیث۵۰۹۵)اِنْ شَآءَ اللہعَزَّ  وَجَلَّ اس دُعاکوپڑھنے کی بَرَکت سے سیدھی راہ پر رہیں گے،آفتوں سے حفاظت ہو گی اور اللہُ الصَّمَد عَزَّ  وَجَلَّ کی مدد شاملِ حال رہے گی۔(2) اپنے گھر میں آتے جاتے محارِم ومَحرمات(مَثَلاً ماں، باپ ، بھائی،بہن، بال بچّے وغیرہ)کوسلام کیجئے(3) اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  کا نام لئے بغیر مَثَلاً بِسْمِ اللہ کہے بغیر جو گھر میں داخل ہوتا ہے شیطان بھی اُس کے ساتھ داخِل ہو جاتا ہے (4) اگر ایسے مکان(خواہ اپنے خالی گھر) میں جانا ہو کہ اس میں کوئی نہ ہو تو یہ کہئے: اَلسَّلَامُ عَلَیْنَا وَعَلیٰ عِبَادِ اللہِ الصّٰلِحِیْن (یعنی ہم پر اور اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کے نیک بندوں پر سلام )فِرِشتے اس سَلام کا جواب دیں گے۔( رَدُّالْمُحتارج۹ ص ۶۸۲)یا اس طرح کہے: اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ اَیُّھَا النَّبِیُّ(یعنی یا نبی آپ پر سلام )کیونکہ حُضُورِ اَقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی رُوحِ مُبارَک مسلمانوں کے گھروں میں تشریف فرما ہوتی ہے۔ (شرح الشّفاء للقاری،۲/۱۱۸) (5) جب کسی کے گھر میں داخل ہونا چاہیں تو اِس طرح کہئے : اَلسَّلامُ عَلَیْکُمْ کیا میں اندر آسکتاہوں ؟ (6) اگر داخلے کی اجازت نہ ملے تو بَخوشی لوٹ جائیے ہو سکتا ہے کسی مجبوری کے تحت صاحبِ خانہ نے اِجازت نہ دی ہو (7) جواب میں نام بتانے کے بعد دروازے سے ہٹ کر کھڑے ہوں تا کہ دروازہ کھلتے ہی گھر کے اندر نظر نہ پڑے (8) کسی کے گھر جائیں تو وہاں کے انتِظامات پر بے جا تنقید نہ کیجئے اس سے اُس کی دل آزاری ہو سکتی ہے (9) واپَسی پر اَہلِ خانہ کے حق میں دُعا بھی کیجئے اور شکریہ بھی اَدا کیجئے اور سلام بھی اور ہو سکے تو کوئی سُنَّتوں بھرا رِسالہ وغیرہ بھی تُحفۃً پیش کیجئے۔