Book Name:Koshish Kamyabi Ki Kunji Hai
حضرت امامِ اعظم ابوحنیفہ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے اپنے شاگرد حضرت امام ابو یُوسُف رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ سے فرمایا : تم تو بہت کم ذہین(Unintelligent)تھے ، مگر تمہاری کوشش اور استقامت نےتمہیں آگےبڑھایا ، لہٰذاہمیشہ سُستی سےبچتےرہناکہ سُستی ایک بہت بڑی آفت اورمنحوس چیزہے۔ (راہ ِعلم ، ص۵۳)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمّد
پیاری پیاری اسلامی بہنو! آپ نے سنا کہ کروڑوں حنفیوں کے پیشوا حضرت امامِ اعظم رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ اپنےشاگردِ خاص حضرت امام ابویُوسُف رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کو وصیت فرمائی کہ سُستی سے بچتے رہنا ، کیونکہ یہ بہت بڑی آفت اورمنحوس چیزہے ، جس کی وجہ سےانسان کامیابی سےمحروم ہو جاتا ہے ، سُستی کی وجہ سے اِنسان اپنے مقاصد کو پانے میں ناکام ہوجاتاہے۔ حضرت امام ابو یُوسُف رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہ مسلسل کوششوں کی وجہ سے اپنے دورکےبہت بڑے عالمِ دِین ، مفتی اورقاضی بنے۔ یاد رکھئے! سُستی ، کامیابی کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ ہے ، یہ ا یسی منحوس عادت ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں دوسری خراب عادتیں پیدا ہو جاتی ہیں۔ طرح طرح کی بیماریاں ، بلائیں اورمصیبتیں سب اسی سُستی کانتیجہ ہیں۔ لہٰذااس عادت کو ہرگز ہرگز اپنے قریب نہیں آنے دینا چاہئے ، بلکہ دِینی و دنیاوی کاموں میں ہر وقت ہمت کر کےلگے رہنا چاہئے۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمّد
اصلاحِ اُمّت اور امیر اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ