Book Name:Shaitan ka Darwazy
حضرت حامِد لَفَّاف رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کی خدمت میں ایک شخص نے عرض کی کہ مجھے کوئی نصیحت کیجئے!فرمایا:دین کی حفاظت کیلئے قرآن کریم کی طرح غِلاف بناؤ! عرض کیا:دین کا غِلاف کیا ہے؟ فرمایا: *ضَرورت سے زیادہ باتیں کرنے سے بچنا*لوگوں سے بے ضَرورت میل جُول نہ رکھنا *اور ضَرورت سے زیادہ نہ کھانا۔ مزید فرمایا:اگر تم لوگوں کو معلوم ہو جائے کہ اللہ پاک کے ہاں پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم اور صحابۂ کرام رَضِیَ اللہُ عنہم کے ساتھ اہلِ ایمان کی جنّت میں کیسی مِہمانی ہوگی تو اس دنیا کی چند روزہ زندگی میں کبھی پیٹ بھر کر کھانا نہ کھاتے۔([1])
*حضرت امام محمدبن محمد غَزالی رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں: پیٹ بھر کر کھانے سے عبادت کی حَلاوت مَفْقُود (یعنی مٹھاس غائب)ہو جاتی ہے۔* مسلمانوں کے پہلے خلیفہ حضرت صِدّیقِ اکبر رَضِیَ اللہُ عنہ نے فرمایا: جب سے مسلمان ہوا ہوں کبھی پیٹ بھر کر نہیں کھایا تا کہ عبادت کی حَلاوت (مٹھاس)نصیب ہو اور جب سے میں مسلمان ہوا ہوں دیدارِ الٰہی کے جام پینے کے شوق میں کبھی سَیرہوکرنہیں پیا۔([2])
بھوک کی اور پیاس کی مولیٰ مجھے سوغات دے
یا الٰہی! حَشْر میں دیدار کی خیرات دے