Book Name:12 Deeni Kaam Ibadat Hai (Qist 2)
پیارے اسلامی بھائیو! عبادت میں بہت ساری چیزیں شامل ہیں ، اَلحمدُ لِلّٰہ ہم پچھلے ماہ کے مدنی مشورے کے مدنی پھولوں میں بھی اس موضوع پر سُن چکے ہیں کہ دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کام کر نے سے بندہ قرآن وحدیث کے مختلف احکامات پر عمل کرنے والا بن جاتا ہے یعنی ان 12 دینی کاموں کو کرنا بھی اللہ پاک کی عبادت ہے ، گزشتہ بیان میں ہم 4 دینی کاموں کے عبادت ہونے سے متعلق سُن چکے ہیں آج ان شاء اللہ الکریم بقیہ 8دینی کاموں کے متعلق سنتے ہیں کہ وہ کس طرح عبادت ہیں ۔
عِبادت میں گزرے مِری زِندگانی کرم ہو کرم یاخدا یا اِلٰہی ([1])
صَلُّوا عَلَی الحبیب! صلی اللہ ُ عَلیٰ محمد
چوتھا دِینی کام: دعوتِ اسلامی کا چوتھا دینی کام مدرسۃُ المدینہ بالِغان ہے جس میں صحیح مخارِج کے ساتھ قرآنِ پاک پڑھنا سیکھا اور سکھایا جاتا ہے اور کلامِ الٰہی سیکھنا سکھانا بھی عبادت ہے ۔جیسا کہ اللہ پاک کے پیارے محبوب صلی اللہ علیہ و اٰلہ وسلم نے ایک بار اپنے صحابۂ کِرام علیہمُ الرّضوان سے فرمایا: کیا تم میں سے کوئی یہ پسند کرتا ہے کہ وہ ہر روز صبح کو مقامِ بَطْحَان یا مقامِ عَقِیق کی طرف جائے اور وہاں سے بغیر کسی گُناہ اور قطع رحمی کے دو بڑے کوہان والی اونٹنیاں لے آئے؟ صحابۂ کرام علیہمُ الرّضوان نے عرض کی جی یا رسول اللہ! صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ہم پسند کرتے ہیں۔ آقا کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا کہ تم میں سے جو شخص صبح مسجد میں جائےاور وہاں قرآنِ کریم کی دو آیتیں سیکھے یا پڑھے تو اس کا وہ 2 آیات دو اونٹنیوں سے، 3 آیات تین اونٹنیوں اور 4 آیات چار اونٹنیوں(کو صدقہ کرنے) سے بہتر ہے۔([2])