Book Name:12 Deeni Kaam Ibadat Hai (Qist 2)
اَلۡحَمۡدُ لِلّٰہِ رَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِيِّيْنَ
اَمَّا بَعۡدُ فَاَعُوۡذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیۡطٰنِ الرَّجِیۡمِ بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ
12 دینی کام عبادت ہیں(قسط دوم)
پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:حوض کوثر پر مجھے ایسی قومیں ملیں گی جنہیں میں بہت زیادہ دُرود پاک پڑھنے کے سبب ہی پہچانوں گا ۔([1])
صَلُّوا عَلَی الحبیب! صلی اللہ ُ عَلیٰ محمد
نفل عِبادت قُربِ اِلٰہی کا سبب ہے
پیارے اِسلامی بھائیو! ہمیں کبھی بھی اللہ پاک کی عِبادت سے غافل نہیں ہونا چاہئے کہ اللہ پاک نے ہمیں آخری وَقْت تک عِبادت کرنے کا حکم اِرشاد فرمایا ہے ، جیسا کہ ارشادِ خداوندی ہے :
وَ اعْبُدْ رَبَّكَ حَتّٰى یَاْتِیَكَ الْیَقِیْنُ۠(۹۹) (پ14، الحجر:99)
ترجَمۂ کنزُالعِرفان: اور اپنے رب کی عبادت کرتے رہو حتّٰی کہ تمہیں موت آجائے۔
تفسیر صِراط الجِنان میں ہے : بندہ خواہ کتنا ہی بڑا ولی بن جائے وہ عِبادات سے بے نیاز نہیں ہوسکتا ۔ جب سیِّدُ المُرسلین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو آخری دم تک عِبادت کرنے کا حکم دیا گیا، تو ہم کیا چیز ہیں ۔([2]) عِبادت کے ذریعے اللہ پاک کا قرب اور اس کی محبت نصیب ہوتی ہے۔ ([3])