Book Name:Neki ki Dawat Tark Karnay kay Nuqsanaat
گُناہوں کے دُنیاوی نُقْصانات کے ضِمن میں دعوتِ اسلامی کے اشاعَتی ادارےمکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ148 صَفحات پر مُشْتمل کتاب ، ’’نیکیوں کی جَزائیں اورگُناہوں کی سزائیں‘‘صَفْحَہ51 پر ہے : حُضُورنبیِّ پاک،صاحِبِ لَولاک، سَیّاحِ اَفلاک صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کافرمانِ عبرت نِشان ہے:اے لوگو!پانچ باتوں سے بچنے کے لئے پانچ باتوں سے بچو (١) جو قوم کم تولتی ہے اللہ عَزَّ وَجَلَّ انہیں مہنگائی اور پَھلوں کی کمی میں مبتَلا کردیتاہے (٢) جو قوم بدعَہدی (یعنی وَعْدہ خِلافی) کرتی ہےاللہ عَزَّ وَجَلَّ اُن کے دُشمنوں کوان پر مُسلَّط کردیتاہے (٣)جو قوم زکوٰۃ اَدا نہیں کرتی،اللہ عَزَّ وَجَلَّ ان سے بارِش کاپانی روک لیتاہے اور اگر چَوپائے نہ ہوتے تواُن کو پانی کا ایک قَطرہ بھی نہ دیاجاتا(٤)جس قوم میں فَحّاشی اور بے حَیائی پھیل جاتی ہے،اللہ تبارَک وَتعالیٰ اُن کوطاعون کے مَرَض میں مبتلا کردیتاہے اور(٥) جوقوم قراٰنِ پاک کے بِغیر فیصلہ کرتی ہے،اللہ عَزَّ وَجَلَّ ان کو زیادَتی (یعنی غَلَط فیصلے)کامزا چکھاتا ہے اور انہیں ایک دوسرے کے ڈر میں مبتَلا کر دیتاہے۔ (قُرَّۃُ العُیُون ص٣٩٢) (نیکی کی دعوت ص:۴۵۸)
مری عادتیں ہو ں بہتر ،بنوں سُنّتوں کا پیکر
مجھے مُتّقی بنانا مدنی مدینے والے
شہا ایسا جذبہ پاؤں کہ میں خُوب سیکھ جاؤں
تیری سُنّتیں سکھانا مدنی مدینے والے
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو !ہمارا مُعاشَرہ اتنا بگڑ چُکا ہےکہ کسی کو نیکی کی دعوت دینا کُجا! نیکی کی دعوت دینے والے کی باضابِطہ مخالَفَت کی جانے لگی ہے اور بُرائی سے کسی کومَنع کرنا تو بَہُت دُور رہا! اب تو خُوب خُوب بُرائی کی دعوت پیش کی جاتی ہے۔آہ ! نہ اپنی اِصْلاح کی فکر ہے نہ گھر بارکی سُدھارکی پرواہ