Book Name:Jannat ki Baharain
حَضْرتِ سَیِّدُنا عیسیٰ بن مرحُوم عطّا ر عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْغَفَّارفرماتے ہیں:''ایک نیک سیرت لونڈی حَضْرتِ سَیِّدَتُنا رابعہ عَدَوِیَّہرَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہَا کی خِدْمت میں رہا کرتی تھی۔ اس لونڈی نے مجھے حَضْرتِ سَیِّدَتُنا رابعہ عَدَوِیَّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہَا کی عِبادَت ورِیاضَت کے بارے میں بتایا کہ آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہَا ساری ساری رات نماز میں مشغول رہتیں۔ جب صُبْحِ صادِق ہوتی تو تھوڑی دیر کے لئے اپنے مُصلّے پر لیٹ جاتیں اور جب ہلکا ہلکا اُجالا ہونے لگتا تو فوراََ اُٹھ کھڑی ہوتیں اور اپنے نَفْس کو مُخاطَب کر کے کہتیں:'' اے نَفْس! تُو اس ناپائیدار دُنیا میں کب تک سوتا رہے گا ؟ آج کچھ دیر جا گ لے، کچھ نیک اَعْمال کر لے، پھر قَبْر میں خُوب میٹھی نیندسوجانا، وہاں تجھے قِیامت تک کوئی نہیں جَگائے گا،عمل یہاں کر لے آرام وہاں کرنا۔
جاگنا ہے جاگ لے اَفْلاک کے سائے تَلے
حشر تک سوتا رہے گا خاک کے سائے تَلے
پھرآپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہَا دوبارہ عِبادَت میں مشغول ہوجاتیں، آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہَا نے پُوری زِندگی اسی طر ح عِبادت ورِیاضَت میں
گُزار ی ۔جب آ پ رَحْمَۃُ اللہِ
تَعَالٰی عَلَیْہَاکی وَفات کا وَقْت
قریب آیا تومجھے بُلا کر فرمانے لگیں :'' میری موت کی وَجہ سے مجھے اَذِیَّت نہ
دینا یعنی میرے مرنے کے بعد چیخ وپُکار نہ کرنا اوراسی اُون کے جُبّے میں میری
تکفین کرنا۔''آپ رَحْمَۃُ اللہِ
تَعَالٰی عَلَیْہَا کی وَفات کے بعد ہم
نے آپ کو اُسی جُبّہ میں کفن دیا جس کی آپ نے وَصیَّت فرمائی تھی۔آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہَا کی وَفات کے تقریباً ایک سال بعدمیں نےآپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہَا کوخواب میں دیکھاکہ آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہَا جَنَّت کے اَعْلیٰ دَرَجوں میں ہیں اور آپ نے
سبز ریشم کا بہترین لباس زَیْبِ بدن کیا ہوا ہے او رسبز ریشم کا دوپٹہ اَوڑھا ہوا
ہے، خُداعَزَّ وَجَلَّ کی قسم!میں نے کبھی ایساخُوبصورت لباس نہیں
دیکھاجیساآپ نے پہنا ہوا تھا۔