Book Name:Tazeem e Mustafa kay waqiat
کتاب ”بہارِ شریعت “ کا تعارف
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!دِین کے صحیح اورضروری عقائد و مسائل سیکھنے کا ایک بہترین ذریعہ دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ "بہارِ شریعت" کا مطالعہ بھی ہے ۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ اس کتاب میں انسان کی پیدائش سے موت تک بلکہ موت کے بعد غسل و تجہیزو تکفین، ایصالِ ثواب اور تقسیمِ وراثت تک پیش آنے والے، طہارت ،عبادت اور مُعامَلات سے مُتَعَلّق ہزارہا مسائل بیان کئے گئے ہیں،علاوہ ازیں دِین کے دُرست و ضروری عقائد بھی بیان کئے گئے ہیں ،لہٰذا تمام اسلامی بھائیوں سے مدنی التجا ہے کہ اس کا مطالعہ کیجئے،دعوتِ اسلامی کی ويب سائٹ www.dawateislami.net سے اس کتاب کو رِیڈ (یعنی پڑھا)بھی جا سکتا ہے،ڈاؤن لوڈ (Download)اور پرنٹ آؤٹ (Print Out) بھی کيا جا سکتا ہے۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!تعظیمِ مُصْطَفٰے صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ جب بھی حضورِ اکرم، نورِ مُجَسَّم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا ذکرِ پاک سُننے کی سعادت حاصل ہو تو انتہائی اَدَب کے ساتھ سُنا جائے،جیساکہ دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ 1250صفحات پر مشتمل کتاب ”بہارِ شریعت“جلد 1 کے صفحہ 75پر ہے:جب حضور (صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ) کاذِکر آئے توبکمالِ خشوع و خضوع و انکسار،بااَدَب سُنے۔([1])لہٰذا ہمیں بھی چاہئے کہ ذکرِ مُصْطَفٰے صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے وقت ہمیشہ تعظیم و اَدَب کا خیال رکھیں اور پیارے آقا، مکی مدنی مُصْطَفٰےصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے ذکرِ پاک کے وقت محبت و عقیدت کے ساتھ دُرود شریف بھی پڑھیں کہ یہ برکت کا باعث اور کثیر اجر و ثواب کا ذریعہ ہے۔