Kamsin Auliya-e-Kiraam

Book Name:Kamsin Auliya-e-Kiraam

موقع کی مناسبت اور نوعیت کے اعتبار سے نیتوں میں کمی ،بیشی وتبدیلی کی جاسکتی ہے۔

نگاہیں نیچی کئے خُوب کان لگا کر بَیان سُنُوںگی۔ ٹیک لگا کر بیٹھنے کے بجائے عِلْمِ دِیْن کی تَعْظِیم کی خاطِر جہاں تک ہو سکا دو زانو بیٹھوں گی۔ضَرورَتاً سِمَٹ سَرَک کر دوسری اسلامی بہنوں کے لئے جگہ کُشادہ کروں گی۔دھکّا وغیرہ لگا تو صبر کروں گی، گُھورنے،جِھڑکنےاوراُلجھنے سے بچوں گی۔صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبِ، اُذْکُرُوااللّٰـہَ، تُوبُوْا اِلَی اللّٰـہِ  وغیرہ سُن  کر ثواب کمانے اور صدا لگانے والی کی دل جُوئی کے لئےپست آواز سے جواب دوں گی۔اجتماع کے بعد خُود آگے بڑھ کر سَلَام و مُصَافَحَہ اور اِنْفِرادی کوشش کروں گی۔ دورانِ بیان موبائل کے غیر ضروری استعمال سے بچوں گی، نہ بیان ریکارڈ کروں گی نہ ہی اور کسی قسم کی آواز  کہ  اِس کی اجازت نہیں ،جو کچھ سنوں گی، اسے سن   اور سمجھ   کر اس پہ عمل کرنے اور اسے بعد میں دوسروں تک پہنچا   کر نیکی کی دعوت عام کرنے کی سعادت حاصل کروں گی۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب!                                            صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

       پىاری پىاری اسلامى بہنو! ماہِ ربیع الآخر جاری وساری ہے، اس مہینے کو پِیرِ پِیراں، مِیرِ مِیراں، شاہِ جیلاں حضور غوثِ اعظم رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ سے نسبت ہے، ابھی ان کی بڑی گیارہویں شریف گزری ہے،اس میں شک نہیں کہ حضورِ غوثِ پاک رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ  مادرزاد یعنی پیدائشی ولیُّ اللہ تھے۔ حضور غوثِ پاک رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کی ولادت کے وقت جو حیرت انگیز واقعات ہوئےوہ بڑے مشہور ہیں۔

غوث پاک مادر زاد ولی

       ایک بات یہ کہ جس رات حضرتِ شیخ عبدُالقادر جیلانی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کی وِلادَت ہوئی، اُس رات جِیلان شریف کی جن عورتوں کے ہاں  بچہ پیدا ہوا ،اُن سب کو اللہ کریم  نے لڑکا ہی عطا فرمایا اور ہر نَومَوْلُوْد لڑکا اللہ پاک کا وَلی بنا ۔(منے کی لاش،ص۵)