Book Name:Azmaish Ki Hikmatain
تم کو تو غلاموں سے ہے کچھ ایسی محبت ہے ترکِ ادب ! ورنہ کہیں ہم پہ فدا ہو ([1])
وضاحت : یا رسولَ اللہ صَلّی اللہُ عَلَیْہ وآلِہ وسَلَّم ! آپ کو اپنے غلاموں سے اتنی مَحبَّت ہے ، یہ ادب نہیں ہے ورنہ ہم کہیں کہ آپ اپنے غلاموں پر فِدا ہیں۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
حدیثِ پاک میں ہے : اِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّیّات اَعْمَال کا دار ومدار نیتوں پر ہے۔ ([2])
پیارے اسلامی بھائیو! اچھی نیت بندے کو جنّت میں پہنچا دیتی ہے ، بیان سننے سے پہلے کچھ اچھی اچھی نیتیں کر لیجئے! مثلاً نیت کیجئے : * رِضَائے اِلٰہی کے لئے بیان سُنوں گا* عِلْمِ دین سیکھوں گا * پورا بیان سُنوں گا * ادب سے بیٹھوں گا * نصیحت حاصِل کروں گا * اَحْمَدِ مجتبیٰ ، مُحَمَّد مصطفےٰ صَلّی اللہُ عَلَیْہ وآلِہ وسَلَّم کا نامِ پاک سُن کر درودِ پاک پڑھوں گا۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
زندگی سراپا امتحان و آزمائش ہے
پارہ : 17 ، سورۂ انبیاء ، آیت : 35میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے :
كُلُّ نَفْسٍ ذَآىٕقَةُ الْمَوْتِؕ-وَ نَبْلُوْكُمْ بِالشَّرِّ وَ الْخَیْرِ فِتْنَةًؕ-وَ اِلَیْنَا تُرْجَعُوْنَ(۳۵)
ترجمہ کنز الایمان : ہر جان کو موت کا مزہ چکھنا ہے اور ہم تمہاری آزمائش کرتے ہیں بُرائی اور بھلائی سے ، جانچنے کو اور ہماری ہی طرف تمہیں لوٹ کر آنا ہے۔