Book Name:Shaitan ka Darwazy
ایک مقام پر اللہ پاک فرماتا ہے:
اَفَتَتَّخِذُوْنَهٗ وَ ذُرِّیَّتَهٗۤ اَوْلِیَآءَ مِنْ دُوْنِیْ وَ هُمْ لَكُمْ عَدُوٌّؕ-بِئْسَ لِلظّٰلِمِیْنَ بَدَلًا(۵۰) (پارہ:15، اَلْکَہْف:50) ترجمہ ٔکنزُالعِرفان: تو (اے لوگو!) کیا تم اسے اور اس کی اولاد کو میرے سوا دوست بناتے ہو حالانکہ وہ تمہارے دشمن ہیں، ظالموں کیلئے کیا ہی برا بدلہ ہے۔
یعنی اے لوگو! کیا تم شیطان اور اس کی اَوْلاد کو میرے سِوا دوست بناتے ہو! یعنی میری بندگی چھوڑ کر اس کے پیچھے چلتے ہو...!!حالانکہ سچ یہ ہے کہ شیطان بھی اور اس کی اَوْلاد بھی تمہارے دُشمن ہیں۔ پس شیطان، اس کی اَوْلاد اور جو کوئی ان کے پیچھے چلے، سب ظالِم ہیں اور ظالموں کے لئے بہت ہی بُرا بدلہ ہے۔([1])
اللہُ اکبر! اے عاشقانِ رسول! کتنی صاف بات ہے، غور فرمائیے! کس طرح ہمیں جَھْنجھوڑا جا رہا ہے کہ اے لوگو! *اللہ پاک کی محبّت*اللہ پاک کی اِطَاعت*اللہ پاک کی فرمانبرداری*اللہ پاک کی عِبَادت* اور نیک کام چھوڑ کر شیطان کے پیچھے مت چلو...!! ورنہ شیطان تو لعنت اور غضب میں ڈُوبا ہی ہے، تمہیں بھی اپنے ساتھ لے ڈُوبے گا۔
سلسلہ آہ! گناہوں کا بڑھا جاتا ہے نِت نیا جرم ہر اک آن ہوا جاتا ہے
نفس و شیطان کی ہر آن اطاعت پر دل آہ! مائل مِرے اللہ ہوا جاتا ہے
المدد یاشَہِ اَبرار مدینے والے قلب سے خوفِ خدا دور ہوا جاتا ہے([2])
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد