Book Name:Ishq-e-Majazi ki Tabah Kariyan
عشقِ مجازی میں موبائل کا کردار
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! اس حقیقت سے انکار نہیں کِیا جاسکتا کہ موجودہ دَور میں بہت سی اَخْلاقی مُعاشَرَتی اور شَرْعی بُرائیوں کے ساتھ ساتھ عشقِ مجازی کو فروغ دینے میں بھی موبائل فون اور اِنٹر نیٹ نے اِنْتِہائی اَہَم اور بُنیادی کردار ادا کِیا ہے ،آج کل عُمُوماً آوارہ لڑکے نَفْسانی خواہشات کی تکمیل کیلئے ”ٹائم پاس“ کرنے کی آڑ میں کسی نہ کسی طرح صِنْفِ نازُک کا فون نمبر حاصل کرکے یا فیس بُک وغیرہ کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطہ قائم کرلیتے ہیں اور بعض اَوقات پہلا قدم صِنْفِ نازُک ہی کی طرف سے اُٹھایا جاتا ہے ،یُوں کچھ ہی عرصے میں اَجْنَبِیّت ختم ہوجاتی اور بے حیائی اور عشقِ مجازی کا نہ ختم ہونے والا سِلْسِلہ شروع ہوجاتا ہے،اس میں کوئی شک نہیں کہ ہر زمانے میں انسانی ضرورَتوں کے لحاظ سے سائنس دانوں کی ایک سے بڑھ کر ایک حیرت انگیز اِیجادات منظرِ عام پر آتی رہیں اور اپنے اپنے دَور کے لوگوں سے خراجِ تَحْسِیْن وُصُول کرتی رہیں، مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اب تک کی تمام اِیجادات میں موبائل فون سب سے زیادہ حیرت انگیز اِیجادہے، جس نے گویا پوری دُنیا کو سمیٹ کر انسان کی ہتھیلی پر رکھ دِیا ہے۔موبائل فون نہ صرف دُنیا بھر میں مقبول ہے، بلکہ زندگی کے تقریباً تمام شعبوں میں اس کا کسی نہ کسی حد تک عَمَل دَخَل ضرور ہے ،یہی وجہ ہے کہ آج موبائل فون ایک طرح سے ہماری ضروریاتِ زندگی کا حِصّہ بن چکا ہے۔اِس کی ضرورت و اَہمیّت کا اندازہ اِس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد کے روز مرّہ کے مُعامَلات میں موبائل فون کا استعمال اس قدر بڑھ چکا ہے کہ وہ لوگ اِس کے بغیر زندگی گُزارنے کا تصوّر بھی نہیں کرسکتے، چلتے پھرتے اُٹھتے بیٹھتے سوتے جاگتے، ہروقت موبائل فون ہی سے چِمٹے رہتے ہیں اور اُسے اپنے ساتھ چِمٹائے رکھتے ہیں، حتّی کہ بعض بَد ذوق لوگ تو باتھ رُوم میں بھی اِس کا استعمال جاری ہی رکھتے ہیں۔