Madani Inamaat,Rahe Nijaat

Book Name:Madani Inamaat,Rahe Nijaat

سینہ تری سنّت کا مدینہ بنے آقا                           جنّت میں پڑوسی مجھے تم اپنا بنانا

سُرمہ لگانے   کی سُنتیں اور آداب

آئیے! شیخ طریقت،امیرِ اَہلسُنّت،بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مَوْلانا ابُو بلال محّمد الیاس عطّار قادِرِی رَضَوِی ضِیائی کے رسالے 101 مدنی پھول صفحہ نمبر27 سے سُرمہ لگانے کی سنتیں اورآداب سیکھتی ہیں:فرمانِ مُصْطَفٰے صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ ہے: تمام سُرموں میں بہتر سرمہ”اِثمد“(اِث۔مِد) ہے کہ یہ نگاہ کو روشن کرتا اور پلکیں اُگا تا ہے ۔( ابن ماجہ،۴/ ۱۱۵ ،حدیث :۳۴۹۷ )

٭پتھّر کا سُرمہ استعمال کرنے میں حرج نہیں اور سیاہ سرمہ یا کاجل بقصدِ زینت(یعنی زینت کی نیّت سے)مرد کو لگانا مکروہ ہے اور زینت مقصود نہ ہو تو کراہت نہیں۔( فتاویٰ ہندیہ،۵ /۳۵۹)

٭ سُرمہ سوتے وقت استِعمال کرنا سنت ہے۔(مرآۃالمناجیح ،۶/۱۸۰)٭سرمہ استعمال کرنے کے تین منقول طریقوں کا خلاصہ پیشِ خدمت ہے: (1)کبھی دونوں آنکھوں میں تین تین سَلائیاں، (2)کبھی دائیں (سیدھی ) آنکھ میں تین اور بائیں(اُلٹی) میں دو ،(3)تو کبھی دونوں آنکھوں میں دو دو اور پھر آخِر میں ایک سَلائی کو سُرمے والی کر کے اُسی کو باری باری دونوں آنکھوں میں لگایئے ۔ (شعب الایمان،۵ /۲۱۸ - ۲۱۹)٭اس طرح کر نے سے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ تینوں پر عمل ہوتا رہے گا۔ ٭ تکریم کے جتنے بھی کام ہوتے سب ہمارے پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سیدھی جانب سے شروع کیا کرتے،لہٰذا پہلے سیدھی آنکھ میں سُرمہ لگایئے پھر اُلٹی آنکھ میں۔

طرح طرح کی ہزاروں سنّتیں سیکھنے کیلئے مکتبۃُ المدینہ کی دو کُتُب بہارِ شریعت حصّہ16 (312صفحات) نیز120صَفَحات کی کتاب ’’سنّتیں اور آداب‘‘ ھدِيةًحاصِل کیجئے اور پڑھئے۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                     صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد