Halal Kay Fazail Aur Haram Ki Waedain

Book Name:Halal Kay Fazail Aur Haram Ki Waedain

بَیان سُننے کی نیّتیں:

موقع کی مناسبت اور نوعیت کے اعتبار سے نیتوں میں کمی ،بیشی وتبدیلی کی جاسکتی ہے۔

نگاہیں نیچی کئے خُوب کان لگا کر بَیان سُنُوںگی۔ ٹیک لگا کر بیٹھنے کے بجائے عِلْمِ دِیْن کی تَعْظِیم کی خاطِر جہاں تک ہو سکا دو زانو بیٹھوں گی۔ضَرورَتاً سِمَٹ سَرَک کر دوسری اسلامی بہنوں کے لئے جگہ کُشادہ کروں گی۔دھکّا وغیرہ لگا تو صبر کروں گی، گُھورنے،جِھڑکنےاوراُلجھنے سے بچوں گی۔صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبِ، اُذْکُرُوااللّٰـہَ، تُوبُوْا اِلَی اللّٰـہِ  وغیرہ سُن  کر ثواب کمانے اور صدا لگانے والی کی دل جُوئی کے لئےپست آواز سے جواب دوں گی۔اجتماع کے بعد خُود آگے بڑھ کر سَلَام و مُصَافَحَہ اور اِنْفِرادی کوشش کروں گی۔ دورانِ بیان موبائل کے غیر ضروری استعمال سے بچوں گی، نہ بیان ریکارڈ کروں گی نہ ہی اور کسی قسم کی آواز  کہ  اِس کی اجازت نہیں ،جو کچھ سنوں گی، اسے سن   اور سمجھ   کر اس پہ عمل کرنے اور اسے بعد میں دوسروں تک پہنچا   کر نیکی کی دعوت عام کرنے کی سعادت حاصل کروں گی۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                   صَلَّی اللّٰہُ  عَلٰی مُحَمد

پیاری پیاری اسلامی بہنو! محنت مزدوری اور ملازمت کا کام عموماًمردحضرات ہی کرتے ہیں لیکن بعض اوقات گھر والوں کی بے جا خواہشات انسان کو آزمائش میں ڈال دیتی ہے،مثلا  ماں جب اپنے بیٹے کو ،بیوی جب اپنے شوہر کو ،اور بہنیں جب اپنے بھائیوں کو اس بات پر ابھارتی ہیں کہ زیادہ سے زیادہ کماؤ، اتنی کم تنخواہ سے کیا ہوگا؟   تو ان سب باتوں کی وجہ سے  یہ حضرات ناجائز ذرائع اختیات کرلیتے ہیں اس لئے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے گھر والوں کو صرف اور صرف حلال طریقے سے کمانے اور کھانے کا ہی مدنی ذہن دیں اور بے جا ضد اور خواہشات کی بناپر ان کے لئے آزمائش میں پڑنے کا سامان نہ کریں ۔قرآنِ کریم اور احادیثِ مبارکہ میں کئی مقامات پر حلال کھانے اور حرام  سے بچنے کا حکم آیا ہے آئیے!آج کے بیان میں ہم  حلال کھانے کی فضائل اور حرام کھانے کے نقصانات کے مُتَعَلِّق سُننے کی سعادت حاصل  کر تی  ہیں۔