Book Name:Mout Ki Yaad Kay Fawaid

جب اس بزم سے اٹھ گئے دوست اکثر    اور اٹھتے چلے جا رہے ہیں برابر

یہ ہر وقت پیشِ نظر جب ہے منظر         یہاں پر ترا دل بہلتا ہے کیونکر

جگہ جی لگانے کی دنیا نہیں ہے             یہ عبرت کی جا ہے تماشا نہیں ہے

سَعَادَت مند کون... ؟

اے عاشقانِ رسول ! حضرتِ عبد اللہ بن مسعود رَضِیَ اللہ عنہ فرماتے ہیں : اَلسَّعِیْدُ مَنْ وُعِظَ بِغَیْرِہٖ یعنی سعادت مند وہ ہے جو دوسروں سے نصیحت حاصِل کرے ۔ ( [1] )

آہ ! موت بر حق ہے ، آنی ہی آنی ہے۔ ہمارے کئی دوست موت کا ذائقہ چکھ چُکے ، ہماری گلی ، محلے سے کئی جنازے ہماری آنکھوں کے سامنے اُٹھ چکے ، کئی ایک کو ہم نے خود قبر میں اُتارا ، بیسیوں کو اُترتے دیکھا ، ہماری بھی باری آنے والی ہے۔ سَعَادَت اسی میں ہے کہ ہم دوسروں کی موت سے عِبْرت حاصِل کر لیں ، نصیحت لے لیں اور موت کے بعد والی زِندگی کی  تیاری میں مَصْرُوف ہو جائیں۔

غافِلو ! قبر میں جب جاؤ گے                  سانپ بچھو جو دیکھو گے چِلّاؤ گے

سر پچھاڑو گے پر کچھ نہ کر پاؤ گے            بے حد اپنے گناہوں پہ پچھتاؤ گے

قبر میں شَکل تیری بگڑ جائیگی                  پِیپ میں لاش تیری لِتَھڑ جائیگی

بال جِھڑ جائیں گے کھال اُدھڑ جائیگی        کیڑے پڑ جائیں گے نَعْش سڑ جائیگی ( [2] )


 

 



[1]... مسلم ، كتاب : القدر ، باب : كیفیۃ الخلق الآدمی فی بطنہ …الخ ،  صفحہ : 1019 ، حدیث : 2645۔

[2]... وسائلِ بخشش ، صفحہ : 655 -656 ملتقطًا ۔