Buri Sohbat Ka Wabal

Book Name:Buri Sohbat Ka Wabal

پیارے اسلامی بھائیو!ہمیں چاہئے کہ دوستی کے مُعاملے میں ہر کسی پر اندھا اعتماد نہ کریں اور نہ ہی ایسوں کی صحبت میں بیٹھیں جن کا دامن پہلے ہی مختلف قسم کی بُرائیوں سے  داغ دار ہو،کیونکہ طرح طرح کی بُرائیوں میں مبتلا رہنے والے  لوگوں پر جب بُرا وقت آتا ہے تو ان سے تعلقات رکھنے والے بھی بسااوقات اس کی لپیٹ میں آجاتے ہیں۔

بدمذہبوں کی صحبت زہرِ قاتل ہے

 پیارے اسلامی بھائیو! یادرہے!  جس طرح شرابیوں ،جواریوں اور گناہوں میں ملوث رہنے والوں کے ساتھ اُٹھنا بیٹھنا  باعثِ ہلاکت ہے، اسی طرح بدمذہبوں  سے میل جول رکھنا،ان کی تقاریر سُننا، کتابیں پڑھنا، ان کی آڈیو (Audio) سُننا، ویڈیو (Video) دیکھنا، یا کسی دُوسرے کو شئیر (Share) کرنا، ان کے ساتھ کھانا پینا یا رشتے داری قائم کرلینا  بھی ایمان کیلئے  زہرِ قاتل اور دنیا و آخرت کی شدید تباہی و بربادی کا سبب ہے۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                               صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد

 پیارے اسلامی بھائیو! تفسیر صِراطُ الجنان  جلد 3 صفحہ134پر لکھا  ہے :بد مذہبوں کی محفل میں جانا اور ان کی تقریر سُننا ناجائز و حرام اور اپنے آپ کو بدمذہبی و گمراہی پر پیش کرنے والا کام ہے۔ ان کی تقاریر آیاتِ قرآنیہ پر مشتمل ہوں خواہ احادیثِ مُبارَکہ پر، اچھی باتیں چننے کا زُعم(گُمان) رکھ کر بھی انہیں سُننا ہر گز جائز نہیں۔ عین ممکن بلکہ اکثر طور پر واقع ہے کہ گمراہ شخص اپنی تقریر میں قرآن و حدیث کی شرح ووضاحت کی آڑ میں ضرور کچھ باتیں اپنی بد مذہبی کی بھی ملا دیا کرتے ہیں  اور قوی خدشہ(بہت خطرہ) بلکہ وقوع کا مُشاہدہ ہے کہ وہ باتیں تقریر سننے والے کے ذہن میں راسخ ہو کر دل میں گھر کر جاتی ہیں۔