دگنا ثواب دلانے والے اعمال

اللہ پاک کی توفیق و عنایت کے بغیر انسان کچھ نہیں کرسکتا، ہم اس کی عبادت کرتے ہیں یہ بھی اس کا کرم ہے، اس عبادت پر وہ ہمیں اَجر و ثواب عطا فرماتا ہے یہ بھی اسی کی مہربانی ہے۔ اس کی لَامَحْدُود (Limitless) رَحْمت ہی کی کرشمہ سازی ہے کہ بعض عبادات پر وہ ایک درجہ ثواب عطا فرماتا ہے، بعض پر دُگنا، بعض پر دس گُنا، سَتَّر گُنا یا اس سے بھی زائد اَجر و ثواب عطا فرماتا ہے۔ ذیل میں ان اعمال کو بیان کیا جارہا ہے کہ احادیث میں جن پر دُہرے (Double) اجر و ثواب کی بشارت ہے:

(1) جس شخص پر تلاوتِ قراٰن دُشوار ہو اور وہ اَٹک اَٹک کر پڑھتا ہو اس کے لئے دُگنا اَجر ہے۔(مسلم، ص312، حدیث:1862) حکیمُ الاُمّت مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: جو کُند ذہن، موٹی زبان والا قرآنِ پاک سیکھ تو نہ سکے مگر کوشش میں لگا رہے کہ مرتے دَم تک کوشش کئے جائے وہ دُگنے ثواب کا مستحق ہے۔(مراٰۃ المناجیح،ج3،ص219)

(2) بے شک رشتے داروں پر صَدَقہ کا ثواب دگنا دیا جاتا ہے۔(معجم کبير،ج8،ص206،حديث:7834)

(3) جو مسجد کی بائیں جانب (Left side) کو اس لئے آباد کرے کہ اُدھر لوگ کم ہیں، اسے دُگنا ثواب ہے۔(معجم کبير،ج11،ص152،حديث:11459)

(4)جو شخص صفِ اوّل کو اس لئے ترک کردے کہ کسی مسلمان کو تکلیف نہ ہو (اور دوسری یا تیسری صف میں نماز ادا کرلے)تو اللہ پاک اسے پہلی صف سے دُگنا اجر عطا فرمائے گا۔(معجم اوسط، ج1، ص165، حدیث: 537)

(5)جو طلبِ علم میں نکلے اور اسے حاصل کرلے ا س کے لئے اللہ پاک دُگنا اجر لکھے گا، اور جو طلبِ علم کے لئے نکلے اور اسے حاصل نہ کرسکے اس کے لئے ایک اجر ہے۔(معجم کبیر،68/22،حدیث:165)

(6)جس نے سخت سردی میں کامل وضو کیا اس کے لئے دُگنا ثواب ہے۔(مجمع الزوائد،ج1،ص542،حدیث:1217)

(7)جس نے جمعہ کے دن غسل کیا اور صبح سے جمعہ کی تیاری کی، امام کے قریب ہوا، توجہ سے خطبہ سُنا اور خاموشی اختیار کی تو اس کے لئے دُگنا اجر ہے۔(معجم کبیر،ج8،ص165،حدیث:7689)

(8)بحری جنگ میں شہید ہونے والے کا ثواب بَری (یعنی خشکی کے) شہید سے دُگنا ہے۔(ابن ماجہ،ج3،ص348،حدیث:2778)

(9)یہ نماز (یعنی نمازِ عصر) تم سے پہلے لوگوں پر پیش کی گئی تھی انہوں نے اسے ضائع کردیا، تو جو اس پر پابندی کرے گا اسے دُگنا ثواب ہوگا۔(مسند احمد،ج10،ص350،حدیث:27296)

(10)جمعہ کے دن صَدَقہ کرنے کا دُگنا اجر ہے۔(مصنف ابن ابی شیبہ،ج4،ص154،حدیث:5556)

(11)جس نے الفاظ و معانی کو سمجھتے ہوئے قراٰنِ مجید کی تلاوت کی اس کے لئے ہر حَرْف کے بدلے 20 نیکیاں ہیں اور جس نے بغیر سمجھے تلاوت کی اس کے لئے ہر حَرْف کے بدلے 10نیکیاں ہیں۔(شعب الایمان،ج2،ص428،حدیث:2294)

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭۔۔۔ماہنامہ فیضانِ مدینہ،باب المدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code