امرود اور ٹماٹر

امرود(Guava) کے فوائد

امرود ایک سستا، لذیذ اور فرحت بخش پھل ہے۔اس کا مِزاج سرد (ٹھنڈا) اور تَر ہے امرود کو جام  بھی کہا جاتا ہے۔ آئیےاس کے کچھ طبّی فوائد ملاحظہ کرتے ہیں:

٭امرود میں وٹامن B3  اور B6 ہوتے ہیں  جو دماغ کی جانب خون کی فراہمی کو بہتر کرتے ہیں٭مَسلز اور اَعصاب کو پُرسکون اور ذہنی تناؤ کم  کرتا اور جسمانی توانائی بڑھاتا اور بالوں کی نشوونما بہتر کرتاہے٭خونی اور بادِی بواسیر میں مفید ہے ٭قبض دُور کرتا ہے ٭ گرمی یا خشکی کی وجہ سے ہونے والی پیشاب کی بیماریوں میں کھانا کھانے کے بعد امرود کھانا کافی فائدہ مند ہے٭شوگر کے مریض بھی امرود کھا سکتے ہیں کیونکہ اس میں دیگر پھلوں کے مقابلے میں کم شوگر پائی جاتی ہے ٭امرود میں پایا جانے والا فولک ایسڈ حاملہ خواتین کے لئے مفید ہوتا ہے ٭دانت اور گلے کے درد، مسوڑوں کی سُوجن میں امرود کے پتوں کو پیس کر اس کا پیسٹ بنا لیں اور دانتوں پر لگائیں بہت جلد فائدہ ہوگا ،منہ میں چھالے ہونے کی صورت میں اگر امرود کے پتوں کو چبا لیا جائے تو چھالے ختم  ہو جاتے ہیں ٭امرود کے پتے پیٹ کے درد، ڈائیریامیں بھی فائدہ مند ہیں ٭امرود کے پتوں کو پانی میں اُبال کر ٹھنڈا کرکے پی لیں، اس سے پیٹ کے درد میں کافی افاقہ ہوگا نیز پیٹ کے کیڑوں سے بھی نجات ملتی ہے۔

نوٹ:تمام دوائیں اپنے طبیب(ڈاکٹر)کے مشورے سے ہی استعمال کیجئے۔

ٹماٹر(Tomato) کے فوائد

ٹماٹر اکثر کھانوں میں استعمال ہونے والی سبزی ہے نیز کھانے کے ساتھ بطورِ سلاد بھی استِعمال کیاجاتا ہے، یہاں ٹماٹر کے چند فوائد پیش کئے جاتے ہیں:

٭ٹماٹر میں لائکوپین(Lycopene) ہوتا ہے جوکہ انسانی جسم میں آنتوں، پیٹ، رَحْم ،منہ اور غذائی نالی کے سرطان کے خلاف مزاحمت کی طاقت پیدا کرتا اور پہلے سے موجود سرطان کے خلیوں(Cells) کو کم کرتا ہے ٭سگریٹ نوشی کے سبب ہونے والی بیماریوں میں فائدہ مند ہے ٭خون صاف کرتا ہے ٭ ٹماٹر میں بچّوں کی پرورش کے  ضروری غذائی اجزا ہوتے ہیں٭ہائی بلڈپریشر اور کولیسٹرول کی سطح کو کم رکھنے میں معاون ہوتا ہے ٭ٹماٹر کے استعمال سے جوڑوں اور پٹھوں کے درد میں آرام ملتا ہے ٭ٹماٹر جِلد کو بہتر بناتا اور چہرے  کی رنگت  کو نکھارتا ہے ٭ٹماٹر کا جوس طاقت و توانائی دیتا ہے اسی وجہ سے بعض ماہرین نے اسے انرجی ڈرنکس (Energy Drinks) سے بہتر قرار دیا ہے۔٭ٹماٹر کا جوس حمل میں بھی مفید ہے، یہ معدہ دُرُست کرتا اور قے و مَتلی کی کیفیت سے نجات دلاتا ہے۔ ٭دانتوں سے خون آتا  ہو تو دن میں تین مرتبہ لال ٹماٹر کا رَس تھوڑا تھوڑا پی لیجئے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ دانتوں سے خون آنا بند ہوجائے گا۔٭قبض کے علاج کے لئےپکّے ٹماٹر کا رس ایک گلاس پی لیجئے۔(ماخوذ از:گھریلو علاج، ص،68،82، پھولوں، پھلوں اور سبزیوں سے علاج، ص306تا308،وغیرہ)

 احتِیاط:کچا ٹماٹر کھانے کے بعد کچھ دیرتک پانی نہ پیئں اس طرح تیزابی مادے معدےمیں اپنا طبی کام خوب اچّھی طرح کر سکتے ہیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭ماہنامہ فیضان مدینہ،باب المدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code