جو رشتہ توڑے اُس کے ساتھ کیا کریں؟/ اذان کا ایک اہم مسئلہ/ نماز اور روزے کی فرضیت

جو رشتہ توڑے اُس کے ساتھ کیا کریں؟

سوال:اگر کوئی رشتہ دار قطع تعلّقی کرے تو ایسی صورت میں ہمیں کیا کرنا چاہئے؟

جواب:رشتہ دار ہمارے ساتھ قطع تعلّقی کرے تو بھی ہمیں اس کے ساتھ صلۂ رحمی کرنی چاہئے جیسا کہ ”بہارِ شریعت“ میں ہے:صلۂ رحمی اسی کا نام نہیں کہ وہ (اچھا) سُلوک کرے تو تم بھی کرو، یہ چیز تو حقیقت میں مُکافاۃ یعنی اَدلا بدلا کرنا ہے کہ اس نے تمہارے پاس چیز بھیج دی تم نے اس کے پاس بھیج دی، وہ تمہارے یہاں آیا تم اس کے پاس چلے گئے۔ حقیقتاً صلۂ رِحْم (رشتہ داروں سے اچھا برتاؤ)یہ ہے کہ وہ (رشتہ داری) کاٹے اور تم جوڑو۔(بہارِ شریعت،ج 3،ص559) یعنی کوئی تم سے رشتہ داری ختم کرے تب بھی تم اس کے ساتھ رشتہ داری جوڑو۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر کتنی نمازیں فرض تھیں؟

سوال:کیا حضورِ اکرم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر چھ6 نمازیں فرض تھیں؟

جواب:جی ہاں! سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر چھ6 نمازیں فرض تھیں، پانچ5تو یہی جو ہم پر بھی فرض ہیں فجر، ظہر، عصر، مغرب، عشا، چھٹی تہجد بھی حضورِ انور صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر فرض تھی۔(مراٰۃ المناجیح،ج8،ص41ماخوذاً)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

اذان کا ایک اہم مسئلہ

سوال:اگر نماز کا وقت شروع ہونے سے پہلے اَذان دی مگر اذان ختم ہونے سے پہلے نماز کا وقت شروع ہوگیا تو کیا اذان ہوجائے گی؟

جواب:اگر کسی نے نماز کا وقت شروع ہونے سے پہلے اَذان دی اگرچہ اذان ختم ہونے سے پہلے نماز کا وقت شروع ہوجائے، تو اذان دوبارہ  دی جائے گی جیسا کہ بہارِ شریعت میں ہے:(نماز کا) وقت (شروع) ہونے کے بعد اَذان کہی جائے، قبل اَز وقت کہی گئی يا وقت ہونے سے پہلے شروع ہوئی اور اَثنائے اَذان (یعنی اذان کے درمیان) میں وقت آ گیا، تو اعادہ کی جائے (یعنی دوبارہ دی جائے)۔(بہارِ شریعت،ج1،ص465)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

نماز اور روزے کی فرضیت

سوال:نماز اور رَمَضانُ المبارک کے روزے کب فرض ہوئے؟

جواب:نماز(اعلانِ) نُبوّت کے بارھویں سال 27 رجب کو معراج کی رات میں فرض ہوئی(خزائن العرفان، پ 15،بنٓی اسرآءیل، تحت الآیۃ:1، ص 525 ماخوذاً)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) جبکہ رَمَضانُ المبارک کے روزے 10شعبان 2 ہجری میں فرض ہوئے تھے۔ (خزائن العرفان، پ2، البقرۃ، تحت الآیۃ: 183، ص 60 ماخوذاً)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

گائے کا دودھ

سوال:گائے کا دودھ پینا زیادہ فائدہ مند ہے یا بھینس کا؟

جواب:گائے کا دودھ پینا زیادہ مفید ہے اور اس کے استعمال کرنے کی حدیثِ پاک میں ترغیب بھی ہے۔ جیساکہ سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:گائے کا دودھ استعمال کرو کیونکہ یہ ہر درخت سے غذا حاصل کرتی ہے اور اس میں ہر بیماری سے شفا ہے۔(مستدرک للحاکم،ج 5،ص575، حدیث: 8274)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

خَتنہ شُدہ بچّہ

سوال:اگر کسی کے یہاں خَتنہ شُدہ بچّہ پیدا ہوا ہو تو کیا اس بچے کا  ختنہ ہوگا؟

جواب:نہیں، جیسا کہ بہارِ شریعت میں ہے:بچہ پیدا ہی ایسا ہوا کہ ختنہ میں جو کھال کاٹی جاتی ہے وہ اس میں نہیں ہے تو ختنہ کی حاجت نہیں۔(بہارِ شریعت،ج3،ص589)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

پیلی (Yellow) چپّل پہننے کی حکمت

سوال:پیلی چپّل پہننے میں کیا حکمت ہے؟

جواب:پیلی چپّل پہننا اچھا ہے کیونکہ پیلی چپّل پہننے سے فِکریں کم ہوتی ہیں اور کالے رنگ (Black Color) کی چپّل پہننے سے فکریں بڑھتی ہیں۔(تفسیر قرطبی،پ1،البقرۃ ،تحت الآیۃ :69،ج1،ص363ماخوذاً)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

قراٰنِ پاک کی ہر لائن پر بِسْمِ اللّٰہ پڑھنے کا مسئلہ

سوال:اگر کسی شخص کو قراٰنِ پاک پڑھنا نہ آتا ہو مگر وہ قراٰنِ کریم کی ہر لائن پر بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھتا رہے   تو کیا اُسے ختمِ قراٰنِ پاک کا ثواب ملے گا؟ نیز اس کا ایسا کرنا کیسا ہے؟

جواب:قراٰنِ پاک کی ہر لائن پر بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھنا جائز ہے اور ایسا کرنے والے کو قراٰنِ کریم چُھونے، دیکھنے اور بِسْمِ اللّٰہ پڑھنے کا ثواب ملے گا مگر اسے قراٰنِ پاک کے ختم کا ثواب نہیں ملے گا۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

انبیائے کرام کا وضو سونے سے نہیں ٹوٹتا

سوال:کیا انبیائے کرام علیہمُ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام کا وضو سونے سے ٹوٹ جاتا ہے؟

جواب:انبیائے کرام علیہمُ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام کا وضو سونے سے نہیں ٹوٹتا۔(مراٰۃ المناجیح،ج1،ص148ماخوذاً)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

مسافر امام کی اقتدا کا ایک مسئلہ

سوال:اگر مسافر امام پوری چار رکعت نماز پڑھا دے تو مقیم مقتدیوں کی نماز ہوجائے گی یا نہیں؟

جواب:مسافر امام نے اقامت کی نیت نہیں کی اور پوری چار رکعت نماز پڑھا دی تو گنہگار ہوگا اور اس کے پیچھے مقیم مقتدیوں کی نماز باطل ہوجائے گی اگر دو رکعت اُولیٰ(یعنی پہلی دورکعت) کے بعد اس کی اقتدا باقی رکھیں گے۔(دیکھئے۔فتاویٰ رضویہ،ج8،ص271)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

Share

Articles

Comments

Security Code