زندگی سے فائدہ اٹھا لیجئے!

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے مبلغِ دعوتِ اسلامی الحاج یعفور رضا عطاری کی خدمت میں :  اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

مَا شَآءَ اللّٰہ آپ کا پیغام ملا ، جس میں بیرونِ مُلک سفر کا تذکرہ بھی تھا ، اللہ کریم آپ کا سفر بِالخیر فرمائے ، قدم قدم پر کامیابی آپ کو آگے بڑھ کر گلے لگائے ، اِخلاص  ملے ، اللہ کریم آپ کو خوب برکتیں دے ، بےحساب بخشے ، اٰمین۔

میری طرف سے مدنی پھول قبول کیجئے اور ان کو عام کیجئے : (1)جماعت کی پابندی کی خاص تاکید ہے ، ہمارے یہاں اس میں سُستیاں ہیں ، فجر سمیت ساری نمازیں مسجد میں جاکر باجماعت پڑھنی ہیں (2)لباس کا بھی خیال رکھیں کہ اسلامی بھائیوں کی ایک تعداد ٹخنوں سے اُوپر شلوار وغیرہ کے پائنچے نہیں رکھتی حالانکہ ٹخنوں سے اوپر پائنچے رکھنا سنّت ہے ، مہربانی کرکے اس سنّت کو بھی زندہ کیجئے (3)ہفتہ وار اجتماع میں جہاں جہاں رات اعتکاف ہوتا ہے تو مہربانی کرکے رات اعتکاف کیجئے اور صبح اِشراق و صلوٰۃ و سلام پڑھ کر رخصت ہوں (4)زہے نصیب! اجتماع میں بھی عام اسلامی بھائیوں کے ساتھ آنا جانا ہو ، ان سے پُرتپاک انداز میں مسکرا کر ملاقات ہو ، انفرادی کوششیں ہوں ، اگر بڑی سطح کے ذمّہ دار اس طرح لوگوں پر محبت بھرا ہاتھ رکھیں گےتو اس سے بڑے فوائد حاصل ہوں گے ، اگر ذمّہ دار ہی وی آئی پی بنے رہیں گے کہ لوگ خود آکر زیارت کریں تو پھر بڑے فوائد کا ملنا تھوڑا مشکل ہوجائے گا ، البتہ جہاں اجتماع میں رَش ہوتا ہے کہ بڑا ذمّہ دار عوام میں جاکر مل نہیں سکتا ، لوگ اس سے مل رہے ہوتے ہیں تو یہ ایک الگ بات ہے مگر میں ایک جنرل بات کررہا ہوں کہ لوگوں میں گھل مل کر کام کرنا ہے ابھی موقع ہے ، زندگی ہے ، فُرصت ہے ، جوانی ہے ، فائدہ اٹھا لیجئے ، پھر مرنے کے بعد کچھ نہیں ہوسکے گا! (5)سنّت کے مطابق بیٹھ کر کھانا کھانے میں بھی بڑی کوتاہی ہے ایک تعداد چوکڑی (یعنی چارزانو ، آلتی پالتی) مار کر کھانا کھارہی ہوتی ہے اور کھانا گِرا بھی رہی ہوتی ہے (6)پلیٹ صاف کرنے کا رُجحان بھی نہ ہونے کے برابر ہے ، دعوتِ اسلامی کی کوئی بڑی شخصیت موجود ہوتو کچھ لوگ صاف کرلیتے ہوں گے سب پھر بھی نہیں کرتے۔ گھر میں اور اکیلے میں کھانا کھاتے ہوں تو خدا جانے کیا ہوتا ہوگا؟(7)کھانا کھاتے ہوئے جو بھی دانے گِر گئے ان کو چُن لیجئے ، ہڈیاں وغیرہ پلیٹ میں رکھنے کے بجائے دستر خوان پر رکھئے تاکہ پلیٹ اچھی طرح صاف کرسکیں اور اس کے ذریعے آپ کو بخشش کی دعائیں مل سکیں (8)اگر آپ پُرانے مَدَنی مذاکرے سنیں گے تو اِنْ شَآءَ اللہ بہت فائدہ ہوگا۔ زہے نصیب! سب روزانہ کم از کم 12منٹ سننے کی نیت کرلیں (9)دینی کتابوں کے مطالعے میں بھی کافی کوتاہی ہے۔ مکتبۃُ المدینہ کی جتنی بھی کتابیں ہیں ان کو آپ پڑھنا شروع کردیجئے ، اگر آپ نے “ فیضانِ سنّت “ جلد اوّل نہیں پڑھی تو اسی سے شروع کردیں جب یہ پوری پڑھ لیں تو “ غیبت کی تباہ کاریاں “ ، “ نیکی کی دعوت “ ، “ فیضانِ نماز “ اور یوں ترتیب وار مکتبۃُ المدینہ کی کتابیں پڑھتے رہئے (10)کتابیں پڑھنے سے علم حاصل ہوتا ہے فائدہ ہوتا ہے یہ بھی پڑھئے اور دیگر رسائل بھی پڑھئے ، ہفتہ وار رِسالہ پڑھنے میں تو بالکل بھی کوئی بھول چوک نہیں ہونی چاہئے اور اس کی کارکردگی دینا بھی نہ بھولئے۔ خوب دعوتِ اسلامی کے بارہ مدنی کاموں کی دُھوم دھام مچا دیجئے ، مَدَنی قافلوں میں سفر کیجئے ، مَدَنی دورہ میں حصّہ لیجئے اور مَدَنی انعامات کے مطابق زندگی گزاریئے اور روزانہ اپنا مُحاسَبہ کرکے رِسالہ پُر کیجئے (یعنی رِسالے کے خانے بھریئے) اور اسلامی مہینے کی پہلی تاریخ  کو اپنے ذمّہ دار کو جمع کروا یئے ، اللہ آپ کو خوش رکھے ، اللہ آپ سب کو بے حساب جنّت میں داخل کرے ، میرے لئے بھی یہ دعائیں مستجاب (یعنی قبول) ہوں۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ  وسلَّم


Share

Articles

Comments


Security Code