یورپ میں  سنتوں کی بہاریں

اللہپاک کے کرم سے 17اپرىل2019ء کو دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں کے سلسلے میں ایک بار پھر بَرِّاعظم یورپ کی طرف سفر کیا۔ اس سے چند مہینے پہلے دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا ابوحامد محمد عمران عطّاری  مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی   نے یورپ کا دورہ فرمایا تھا۔ انہوں نے مجھے حکم دیا تھا کہ میرے بعد آپ نے پُرتگال اور بیلجیئم کا سفر کرنا ہے۔

پُرتگال میں مدنی کاموں کا آغاز:یورپی ملک پُرتگال میں دعوتِ اسلامی کا مدنی کام ابھی نیا شروع ہوا ہے۔ نگرانِ شوریٰ کے سفر کے بعد مدنی مرکز کے حکم پر مبلغِ دعوتِ اسلامی اور نعت خواں احمد رضا مَدَنی اپنے اہلِ خانہ سمیت موز مبیق سے پُرتگال منتقل ہوگئے۔ احمد رضا مَدَنی کے انتخاب کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ پُرتگال کی طرح موز مبیق میں بھی پرتگیز زبان بولی جاتی ہے ، ہر عقل مند اس بات کو سمجھ سکتا ہے کہ کسی ملک کی مقامی زبان جاننے والے کے لئے وہاں دین کا کام کرنا کافی آسان ہوجاتا ہے۔ مبلغِ دعوتِ اسلامی احمد رضا مَدَنی نے پُرتگال آکر مدنى کاموں کا سلسلہ شروع کردیا ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ دىکھتے ہى دىکھتے ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع ، درس و بىان اور مدنى حلقوں کی بہاریں عام ہونے لگیں۔

سفر کا آغاز: شبِ براءت 1440ھ کی آمد آمد ہے اور عام طور پر اس مبارک رات میں مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد مَساجد کا رُخ کرتی ہے ، چنانچہ باہمی مشورے  سے میں نے اس موقع پر پُرتگال کا سفر کیا تاکہ یہاں کے مدنی کاموں میں مزید ترقّی ہوسکے۔ 17اپرىل 2019ء کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے میری دبئی روانگی ہوئی جہاں تقرىباً اىک گھنٹہ رُکنے کے بعد پُرتگال کے دارُالحکومت لسبن(Lisbon) کی فلائٹ تھی۔ کراچی سے دبئی کا فضائی سفر تقریباً 2 گھنٹے جبکہ دبئی سے لسبن تقریباً پونے آٹھ گھنٹے کا سفر ہے۔ ظہر اور عصر کی نَمازیں ہوائی جہاز میں ادا کرنے کا موقع مِلا۔ پاکستان کے مقامی وقت کا دبئی اور پُرتگال کے ساتھ کئی گھنٹے کا فرق ہے اس لئے جب ہوائی جہاز لسبن کے ایئرپورٹ پر اترا تو شام کے ساڑھے سات بج رہے تھے اور ابھی نمازِ مغرب کا وقت نہیں ہوا تھا۔

اسلامی بھائیوں کی مَحَبّت:اىئرپورٹ کے تمام معاملات سے فارغ ہو کر باہر نکلے تو کئى اسلامى بھائى خوش آمدید کہنے کے لئے موجود تھے۔ پیارے اسلامی بھائیو! جب کوئی شخص دوسرے شہر یا ملک کا سفر کرتا ہے تو عُموماً اس کے عزیز ، رشتہ داراس کے استقبال کے لئے آتے اور ساتھ لے جاتے ہیں جبکہ بسا اوقات اسے خود ہی ٹیکسی وغیرہ کرواکر گھر جانا پڑتا ہے۔ پُرتگال جیسے اجنبی ملک میں جہاں میرا کوئی دوست یا رشتہ دار نہیں تھا وہاں  کئی اسلامی بھائیوں کا Welcomeکرنے کے لئے جمع ہونا اور مَحبّت کا اظہار کرنا صرف دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول کی برکت ہے جو اجنبی  اسلامی  بھائیوں کو بھی عقیدت و محبت کے رشتے میں منسلک کردیتی ہے۔

ایئرپورٹ سے ہم اىک عاشقِ رسول کے گھر حاضر ہوئے جہاں ہم نے قیام کرنا تھا۔ گزشتہ رات مدنی چینل پر میری کافی مصروفیت رہی تھی جبکہ آج کا دن بھی ایک طویل اور تھکا دینے والے سفر میں گزرا تھا جس کے سبب تھکن  عروج پر تھی  اور آرام کی ضرورت تھی۔ نمازِ مغرب کے بعد کئى تاجر اسلامى بھائى ہماری قیام گاہ پر جمع ہوگئے جنہیں ملاقات  وغیرہ کے لئے بلایاگیا تھا۔ امیرِ اہلِ سنّت  دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ  کی صحبتِ بابرکت کے طفیل یہ ذہن بنا ہوا ہے کہ ملاقات کے لئے آنے والے کسی اسلامی بھائی کو مایوس نہ کیا جائے ، چنانچہ ہم نے مل کر ساتھ کھانا کھاىا اور باجماعت نمازِ عِشا ادا کى جس کے بعد تلاوت و نعت اور مختصر سنّتوں بھرا بىان ہوا۔ رات تقرىباً ساڑھے گىارہ بجے آرام کا موقع مِلا جبکہ نمازِ فجر کے بعد بھی کچھ دیر آرام کیا۔

ایک مصروف دن کا آغاز:18اپریل2019ء کو دوپہر سے جدول کا سلسلہ شروع ہوا۔ لسبن میں تاجر اسلامی بھائیوں کی ایک تعداد رہتی ہے جن میں سے کئی اپنےمکان وغیرہ پر دعائے خیر کے لئے ہمیں اپنے ساتھ لے کر گئے۔ یہاں ہم نے  ملاقات کے دوران ایک اچھی بات یہ دیکھی کہ تقریباً جس سے بھی ملتے اس کی خواہش ہوتی کہ آپ ہمارے ساتھ قبرستان چل کرمیرے والدین یا فلاں عزیز کی قبر پر دُعائے مغفرت کردیں۔ اس بات سے ایک تو مسلمانوں کا دعوتِ اسلامی والوں کے بارے میں حُسنِ ظن ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی دُعا کے طفیل اللہ کریم ہمارے مرحوم رشتے دار پر کرم فرمائے گا۔ یوں مختلف اسلامی بھائیوں کے ساتھ ایک ہی دن میں دو مرتبہ قبرستان جانا ہوا اور وہاں ہم نے مزید اسلامی بھائیوں کے والدین کی قبروں کا معلوم کرکے وہاں بھی فاتحہ خوانی وغیرہ کی تاکہ ان اسلامی بھائیوں کی دل جوئی ہوجائے نیز وہاں کے اسلامی بھائیوں کے ذہن کا بھی پتا چلا کہ ان کے دل میں اپنے مرحومین سے ہمدردی اور قبرستان میں حاضری کا جذبہ ہے۔ ظاہر ہے کہ جس مسلمان کا قبرستان میں حاضری اور اپنے مرحومین سے بھلائی کا ذہن ہو تو اسے دین کی طرف راغب کرنا ، بھلائی اور نیکی کے راستے پر لانا نسبتاً آسان ہوتا ہے۔

آج کے دن مختلف اسلامی بھائیوں کے گھروں اور دکانوں پر جاکر ملاقات ، فاتحہ دعا وغیرہ کا سلسلہ رہا اور تاجر اسلامی بھائیوں کو دعوتِ اسلامی کی تعارفی وڈیو (Presentation) دکھا کر مدنی کاموں میں شرکت اور مدنی عطیات (Donations) کا ذہن دیا۔

مَدَنی قافلے میں اسلامی بھائیوں کی شمولیت: لسبن جاتے ہوئے میں نے مختلف اسلامی بھائیوں سے رابطہ کرکے انہیں مدنی قافلے میں شریک ہونے کی ترغیب دلائی تھی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ موزمبیق سے 2 ، یوکے سے ایک اور کراچی سے بھی ایک اسلامی بھائی آکر میرے ساتھ مَدَنی قافلے میں شریک ہوگئے۔

اللہ کریم سے دعا ہے کہ پُرتگال میں دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں کو دِن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

دعوتِ اسلامی کی قَیّوم                       اِک اِک گھر میں مچ جائے دُھوم

اس پہ فِدا ہو بچّہ بچّہ                                        یااللہ مِری جھولی بھر دے

(وسائلِ بخشش ، ص123)

(بقیہ اگلے شمارے میں)

نوٹ : یہ مضمون مولانا عبدالحبیب عطاری کے آڈیو پیغامات وغیرہ کی مدد سے تیار کرکے انہیں چیک کروانے کے بعد پیش کیا گیا ہے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*رکنِ شوریٰ و نگران مجلس مدنی چینل

 

 


Share