Faizan e Maula Ali Mushkil Kusha

Book Name:Faizan e Maula Ali Mushkil Kusha

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!حضرت امیرالمؤمنین،مَوۡلَی المُسۡلِمِیۡن،سیِّدُناعلیُ المرتضی شیر ِخداکَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم  کےفَضائل وکَمالات کے تو کِیا کہنے آپ کی تو شَان ہی نرالی ہے ،آپ صاحبِ سِیادت ،مُحبِ آخِرت،مَحبُوبِ رَبُّ العزّت،بابِ مدینۃُ الْعِلْم اورشَہسوارِمیدا نِ خطابَت تھے،آپ قُرآن وسُنَّت سےثابت ہونے والے مَسائل کونکالنے کی خُوب صَلاحِیت رکھتے،اِطاعت گُزاروں کے لئے چَراغ اور پرہیز گاروں کے دوست تھے ، عدل کرنے والوں کے امام اورسَب سے بڑھ کر حِلم وعِلم والے تھے،شیخِ طریقت،امیرِاہلسُنَّت،بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت ِ علّامہ مولانا ابُو بِلا ل محمد الیاس عطارقادِری رَضَوی ضِیائی  دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اپنے رِسالے کراماتِ شیرِ خُدا  میں آپ کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم  کا تَعارُف کچھ یُوں بیان فرماتے ہیں کہ

نام ونسب وحُلیہ مُبارَک

امیرُ الْمُؤْمِنِین حضرتِ سیِّدُنا مولیٰ علی مُشکِل کُشا شیرِ خُدا کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم    مکّۃ المکرَّمہ زَادَہَااللہُ شَرَفًاوَّ تَعۡظِیۡمًا میں پیدا ہوئے۔آپ کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم کی والِدۂ ماجِدہ حضرت سیِّدَتُنافاطِمہ بنتِ اَسَد رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہانے اپنے والِد کے نام پر آپ کا نام’’حیدر‘‘رکھا،والِدنےآپ کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم کا نام ’’عَلی‘‘رکھا۔حُضورِ پُرنُور،شافعِ یومُ النُّشُورصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے آپ  کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم  کو ’’ اَسَدُاللّٰہ ‘‘(اللہ کا شیر) کے لَقَب سے نَوازا ،اِس کے عِلاوہ ’’مُرتَضٰی(یعنی چُنا ہوا)‘‘،’’ کَرّار(یعنی پلٹ پلٹ کر حملے کرنے والا)‘‘،’’شیرِ خُدا‘‘اور’’مولامشکِل کُشا‘‘آپ کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم کےمَشہور اَلقابات ہیں۔ آپ کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم مکّی مَدَنی آقا،میٹھے میٹھےمُصْطفٰےصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکے چچازاد بھائی ہیں۔ (مراٰ ۃ المناجیح ج ۸ ص۴۱۲ وغیرہ ملخصا،کراماتِ شیرِخدا،ص:۱۱)خلیفۂ چہارُم،جانَشینِ رسول،زَوجِ بَتُول حضرتِ سیِّدُنا علی بن ابی طالب کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم کی کُنْیَت’’ابُوالحَسن‘‘ اور ’’ابُوتُراب‘‘ہے۔