Book Name:Yazed ka Dard Naak Anjaam
اور لگوانے سے بچوں گا۔٭نَظَر کی حِفَاظَت کا ذِہْن بنانے کی خاطِر حتَّی الْاِمْکان نگاہیں نیچی رکھوں گا۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! یہ مُحَرَّمُ الْحَرام کا مہینہ ہے اور یہ وہ مہینہ ہے، جس میں کربلا کا واقعہ ہوا، جس میں یزید اور یزیدیوں نے نواسَۂ رسول ،حضرتسَیِّدُنا اِمام حُسَیْن رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سمیت کم و بیش بہتّر (72)قابلِ اِحْتِرام ہستیوں کے ساتھ نہ صرف اِنتہائی نامُناسِبسُلوک کیا بلکہ اُن میں سے بہت سوں کے خُونِ ناحق سے بھی اپنے ہاتھوں کو رنگین کرکے ظُلم و زِیادَتی کا وہ طوفانِ بدتمیزی برپا کیا کہ جس کی داستان عاشقانِ صحابہ و اہلبیت کے لئے اِنتہائی اَذِیَّت کا باعِث ہے ۔ یزید پلید ،اِبْنِ زِیاداور جو لوگ بھی ان بد بختوں کے ساتھ اُن مُبارَک ہستیوں کی اِیذا رَسانی اور شَہادت کے ذِمّے دار تھے، اُن سب کا دُنیا میں بھی عبرتناک اَنْجام ہوا اور آخرت میں بھی اُنہیں ذِلَّت و رُسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔آئیے یزید پَلید کی فِتْنہ اَنگیزیوں اور اُس کے دَرْدناک اَنْجام کے بارے میں کچھ سُنتے ہیں۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
یزید وہ بد نصیب شخص ہے، جس کی پیشانی پر اہْلِ بَیْتِ کِرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کے بے گُناہ قتل کا سِیاہ داغ ہے اور جس پر ہرزمانےمیں دُنیا ئے اسلام مَلامت کرتی رہی ہے اور قیامت تک اس کا نام حَقارت (ذِلَّت)کے ساتھ لِیا جائے گا۔یہ بَد باطن ،سِیاہ دل(شخص)25 ہجری میں دِمشق میں پیدا ہوا۔ نہایت موٹا، بدنُما،بہت زیادہ بالوں والا،بداَخلاق،بد مِزاج، فاسق، فاجر، شرابی، بدکار،ظالم، بے اَدب، گُستاخ تھا۔ اس کی شرارتیں اور بیہودگیاں ایسی تھیں کہ جن سے بدمُعاشوں کو بھی شرم آئے۔جن سے شرعاً نکاح حرام ہے،یزید،ان سے نکاح کو رواج دینے والا،سُود اور دیگر حرام کاموں کو اعلانیہ کروانےوالا تھا۔(خلاصہ ازسوانحِ کربلا،ص۱۱۱،ملتقطاً)