Book Name:Jamal e Mustafa صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
وہ زبان جس کو سب کُن کی کُنجی کہیں
اُس کی نافِذ حکومت پہ لاکھوں سلام
اس کی باتوں کی لَذّت پہ بے حد دُرُود
اس کے خُطبے کی ہیبت پہ لاکھوں سلام
(حدائق ِبخشش،ص۳۰۲)
سَروَرِ دوعالم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی زَبانِ اَقدَس تقدیرِ الٰہی کی چابی ہے۔اُس زَبانِ اَقدَس کی پورے جہاں بلکہ دونوں جہانوں پر جاری و ساری حکومت پہ لاکھوں سلام ہوں۔ ہمارے آقا عَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالسَّلَام کے مُنہ سے نکلنے والی پیاری پیاری اور میٹھی میٹھی باتوں کی لذّت و سُرُور پر لاکھوں رحمتیں ہوں اور آپ (صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ)کے پُر کشش خُطبہ و بَیان کی شان و شَوکت اور رُعب و دبدبے پہ لاکھوں سَلام ہوں۔(شرحِ حدائقِ بخشش،ص:۱۰۲۸،۱۰۲۹)
اقوالِ مصطفیٰ مرحبا مرحبا
افعالِ مصطفیٰ مرحبا مرحبا
کَفِ دَسْت(ہتھیلیاں) اور بازُو مُبارَک پُر گوشت تھے۔حضرت انس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں کہ میں نے کسی ریشمی کپڑے کو آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے کَفِ مُبارک سے زیادہ نرم نہیں پایا اور نہ کسی خُوشبو کوآپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی خُوشْبُو سے بڑھ کر پایا۔(صحیح البخاری ،کتاب المناقب ،ج۲،ص۴۸۹حدیث۳۵۶۱) جس شخص سے آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم مُصافَحہ کر تے، وہ دن بھر اپنے ہاتھ میں خُوشبو پا تا اور جس بچہ کے سَر پر آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم اپنا دَسْتِ مُبارک رکھ دیتے، وہ خُوشبو میں دوسرے بچوں سے مُمتاز ہوتا۔( سیرتِ رسولِ عربی ،ص۲۶۳)