Book Name:Waqt Ki Qadr Kijiye Ma Waqt Zaya Karnay Walay Chand Umoor
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!بَیان کردَہ اَحادیثِ مُبَارَکہ سُن کرخُصُوصَاً اُن لوگوں کو خَوابِِ غفلت سے بیدار ہوجانا چاہئے جوگھنٹوں ہوٹلوں،فُضُول بیٹھکوں،پارکوں،مَخْلُوط تَفْریح گاہوں(یعنی ایسی تفریح گاہیں جہاں غیر مرد اور غیرعورتیں جمع ہوتے ہوں،خوب بے پردگی کے ذریعے گناہوں کا بازارگرم ہوتا ہو،اَلْاَمَانْ وَالْحَفِیْظ)،اَخبارات کا مُطَالَعَہ کرنے،بار بارآئینہ دیکھنے،فلمیں ڈرامے یا موسیقی سے بھرپور پروگرام دیکھنے سننے، مُلْکی وسِیاسِی حالات اورمیچوں پر تَبْصرے کرنے،کِرکِٹ یا فُٹبال کھیلنے،دیکھنے یا اِن کی تفصیلات سُننے،موبائل یا کمپیوٹر پر گیمز کھیلنے،نائٹ پیکجز کے ذریعے نامَحرموں سے فون پر باتیں کرنے اور سوشَل مِیڈیا(Social Media) کافضول یا گناہ بھرا اِسْتِعمال کرنے میں وَقْت کی نعمت کو بَرباد کرتے اور گویا دُنیا و آخِرت میں حَسْرَت و شَرمندگی کا سامان کرتے ہیں،حالانکہ اگر یہی وَقْت نماز،روزوں،ذِکْر و دُرُود، تِلاوَت،حَمد ونعت،وَالِدَین کی خدمت،نیکی کی دعوت،قَبْر وآخِرت کے مُعَامَلَات کی تَیَّاری،اَوْلاد کی تَرْبِیَت اور حُصُولِ عِلْمِ دِین جیسے نیک کاموں میں گزرتا تو یقیناً دُنیا و آخِرت میں اِس کی بَرَکتیں نصیب ہوتیں،مگر آہ!
وقت کے عظیم قدْردان، اعلیٰ حضرت اِمام احمد رضا خان رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہیادِاِلٰہی کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کتنے پیارے اندازسےمدنی پھول اِرشاد فرمارہے ہیں:
رِزْقِ خُدا کھایا کِیا فَرمانِ حَق ٹالا کِیا شُکرِ کَرم تَرْسِ جَزا یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں
(حدائق بخشش،ص۱۱۱)
اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے اے بندے!تُواس کادیا ہوا رِزق کھاتا ہے، اس کے باوجود بھی اس كے احکامات پر عمل نہیں کرتا،نہ توتیرے اندر اس کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا جذبہ پید اہو رہا ہے اور نہ ہی تجھے اس کے عذاب کا كچھ خوف ہے۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد