Book Name:2 Mubarak Hastiyan
ان ازواجِ مُطَہَّرات میں حضرت اُمِّ سلمہ رَضِیَ اللہُ عَنْہا بھی ہیں ، جن کی علمِ دین میں مَہارت کا حال یہ تھا کہ آپ کو فقہا یعنی شرعی اَحْکام و قوانین کی ماہر صحابیات میں شُمار کیا جاتا تھا۔ ([1])
ان ازواجِ مُطَہَّرات میں حضرت زَینب بنتِ جَحْش رَضِیَ اللہُ عَنْہا بھی ہیں ، ان کے خُشُوع و خُضُوع کاحال یہ تھا کہ رَسُولُاللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ان کے خُشُوع و خُضُوع کےمُتَعلِّق ارشادفرمایا : زَینب بنتِ جَحْش( رَضِیَ اللہُ عَنْہا ) خُشُوع اختیار کرنے والی اور رَبّ کے حضور گِڑگِڑانے والی ہے۔ ([2]) حضرت بی بی زَینب بنت جَحْش کی عادت تھی کہ جو کچھ اپنے ہاتھ سے کماتیں وہ سب فقرا ومساکین کو دے دیا کرتی تھیں اور صرف اسی لئے محنت و مشقّت کرتی تھیں کہ فقیروں اور محتاجوں کی اِمداد کریں۔ ([3])
ان ازواجِ مُطَہَّرات میں حضرت جُوَیْرِیہ رَضِیَ اللہُ عَنْہا بھی ہیں جو بڑی عبادت گُزار اور دین دار خاتون تھیں ، نمازِ فجر پڑھ لینے کے بعد سے نمازِ چاشت تک اَوراد و وظائف میں مصروف رہتی تھیں۔ ([4])
ان ازواجِ مُطَہَّرات میں حضرت اُمِّ حبیبہ رَضِیَ اللہُ عَنْہا بھی ہیں ، یہ بہت سی حدیثوں کی حافظہ تھیں ، بڑی عبادت گُزار اور نیکوکار خاتون تھیں۔ ([5])
ان ازواجِ مُطَہَّرات میں حضرت صَفِیّہ رَضِیَ اللہُ عَنْہا بھی ہیں ، یہ بھی اُن بے مثال خواتین میں شامل ہیں جو عبادت ، تقویٰ و پرہیز گاری اورصدقہ کرنے کے اعتبار سے تمام عورتوں کی سردار ہیں۔ ([6])
ان ازواجِ مُطَہَّرات میں حضرت میمونہ رَضِیَ اللہُ عَنْہا بھی ہیں ، یہ بھی بڑی پرہیزگار اور سُنّتوں پرعمل کرنے والی خاتون تھیں ، مِسواک سے مَحَبّت کا عالم یہ تھا کہ جب کسی اور کام میں مشغول نہ ہوتیں تو مِسواک کرنے لگ جاتیں۔ ([7])