Book Name:Surah Fatiha Fazail Aur Mazameen
اللہ پاک کرم فرمائے گا اور مشکل ، پریشانی ، تنگ دستی دور ہو گی۔
صحابئ رسول حضرت عمران بن حُصَین رَضِیَ اللہُ عنہ فرماتے ہیں : اللہ پاک کے آخری نبی ، رسولِ ہاشمی صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : جس گھر میں سورۂ فاتحہ اور آیۃُ الکرسی پڑھی جائے ، اس گھر میں اُس دِن کسی جِنّ یا کسی انسان کی بُری نظر نہیں آئے گی۔ ([1])
سورہ فاتحہ 1 تہائی قرآن کے برابر ہے
حضرت عبد اللہ بن عبّاس رَضِیَ اللہُ عنہما سے روایت ہے ، اللہ پاک کے رسول ، رسولِ مقبول صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : جس نے سورۂ فاتحہ اور سورۂ اِخْلاص پڑھی ، اس نے گویا ایک تہائی قرآنِ مجید کی تلاوت کی۔ ([2]) ایک حدیثِ پاک میں ہے : سورۂ فاتحہ 2تہائی قرآنِ مجید کے برابر ہے۔ ([3])
سونے سے پہلے سورہ فاتحہ پڑھنے کی فضیلت
حضرت انس بن مالِک رَضِیَ اللہُ عنہ سے روایت ہے ، رسولِ اکرم ، نورِ مُجَسَّم صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : تم بستر پر لیٹو تو سورۂ فاتحہ اور سورۂ اِخْلاص پڑھ لیا کرو! اس کی برکت سے موت کے عِلاوہ ہر چیز سے محفوظ رہو گے۔ ([4]) ایک حدیثِ پاک میں ہے ، فرمایا : جب تم میں سے کوئی شخص بستر پر لیٹ کر سورۂ فاتحہ پڑھ لے تو اللہ پاک اس کے ساتھ ایک محافظ فرشتہ مقرر فرما دے گا ۔ ([5])