Book Name:Maut Ke Qasid
فلموں ڈراموں ،جُھوٹ، غیبت، چُغْلی سے پیچھا نہیں چُھڑ ا پاتے نیز مال کمانے کی دُھن ان پر سوار رہتی ہےجیسا کہ حدیثِ پاک میں آتا ہے کہ حُسنِ اَخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عبرت نشان ہے:آدمی بُوڑھا ہو جاتاہے مگر اس کی دو(2)چیزیں جوان رہتی ہیں: (۱)حِرص اور(۲)لمبی اُمید۔ (مسلم،کتاب الزکاۃ،باب کراھیۃ الحرص علی الدنیا، الحدیث۱۰۴۷، ص۵۲۱)
اسی طرح رسولِ اکرم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکافرمانِ عالیشان ہے: بُوڑھے کادل دو(2) چيزوں کی مَحَبَّت میں جوان ہی رہتا ہے (۱)زِندگی اور (۲)مال کی مَحَبَّت۔
( مسلم،کتاب الزکاۃ،باب کراھیۃ الحرص علی الدنیا،الحدیث۱۰۴۶،ص۵۲۱)
پیارے اسلامی بھائیو !آپ نے سُناکہ انسان چاہے بُڑھاپےکی دَہلیز پر ہی کیوں نہ پہنچ جائے لیکن مال ودولت کی مَحَبَّت اور ہَوَس اس عمر میں بھی ان کا پیچھا نہیں چھوڑتی اور یوں اُسے عبادت وریاضت کی چاشنی نصیب نہیں ہوتی ۔اپنے دل سے دُنیا کی مَحَبَّت مِٹاکر موت کی یاد دل میں بٹھانے کیلئے مکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ کتاب ’’آنسوؤں کا دریا ‘‘سے 3 نصیحت آموز عربی اشعار کا ترجمہ سُنئے اور توبہ کے بعد اپنی بقیہ زِندگی اللہ پاک کی عبادت میں گُزارنے کی نِیَّت کرلیجئے۔
(۱)اے بُوڑھے شخص! کیابُڑھاپا آنے کے باوُجُود بھی تُو جہالت میں مبُتلاہے ؟ اب (اس عمر) میں تمہاری طرف سے جہالت کامُظاہَرہ اچھانہیں۔
(۲)تیرافیصلہ توسر کی سفیدی نے کردیامگرپھربھی تُودُنیاکی طرف مائل ہوتاہے اور ناپائیدار (دُنیا) تجھے دھوکہ دے رہی ہے۔