بہترین جگہیں

آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں

بہترین جگہیں

*مولانامحمد جاوید عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اکتوبر 2023

اللہ پاک کے آخری نبی ، محمد عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : خيرُ البِقَاعِ اَلْمَسَاجِدُ یعنی زمین کے بہترین حصّے مسجدیں ہیں۔

 ( صحيح ابن حبان ، 3 / 64 ، حدیث : 1598 )

مسجد کو اللہ پاک کا گھر کہا جاتا ہے کیونکہ یہاں اللہ کو راضی کرنے والے کام کئے جاتے ہیں جیساکہ نماز ، ذکر ، درود شریف اور تلاوت قراٰن وغیرہ۔مسجدمیں اللہ پاک کی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے ، مسلمان یہاں آکر راحت ، چین اور سکون محسوس کرتا ہے۔

تین مساجد سب سےزیادہ اہمیت و فضیلت والی ہیں سب سے پہلے مسجدِحرام جو کہ مکہ میں ہے اور پھر مسجدِ نبوی جو مدینہ میں ہے اور تیسرے نمبر پر مسجد اقصی جو کہ مسلمانوں کا پہلا قبلہ تھی۔

پیارے بچّو ! مسجد بہت برکت و فضیلت والی جگہ ہے اور اس کا ادب کرنا بہت ضروری ہے ، آیئے ! مسجد کے چند آداب پڑھئے اور عمل کا ارادہ کیجئے : * مسجد میں داخل ہوتے ہوئے پہلے سیدھا پاؤں داخل کریں اور نکلتے وقت پہلے الٹا پاؤں نکالیں * داخل ہوتے وقت داخل ہونے کی اور نکلتے وقت نکلنے کی دعا بھی پڑھ لیں * مسجد میں بدبودار چیز نہ لے کر جائیں بلکہ ہو سکے تو خود بھی جب جائیں تو اچھے صاف ستھرے کپڑے پہن کر اور خوشبو لگا کر جائیں * اگر جوتے آگے لے کر جائیں تو پہلے اچھی طرح سے جھاڑ لیں تاکہ نجاست اور گندگی وغیرہ مسجد میں نہ جائے * مسجد میں بھاگنے ، ہنسنے اور شور کرنے سے بچیں بلکہ جتنی دیر مسجد میں رہیں نماز کے علاوہ بھی ذکر و درود اور تلاوتِ قراٰنِ کریم میں مشغول رہیں۔

اللہ پاک ہمیں مسجد کا ادب و احترام کرنے اور بے ادبی سے بچتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code