آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں
نرمی اپنایئے، اللہ کے پیارےبن جایئے
*مولانامحمد جاوید عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2025
اللہ پاک کے پیارے اور آخری نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: اِنَّ اللهَ رَفِيقٌ يُحِبُّ الرِّفْقَ یعنی اللہ پاک نرمی فرمانے والا ہے اور نرمی کو پسند فرماتا ہے۔ (بخاری،4/379، حدیث: 6927)
نرمی اختیار کرنا یعنی ایک دوسرے کے ساتھ شفقت ، مہربانی، اطمینان اور اچھے انداز سے پیش آنا اسلام کی بنیادی تعلیمات میں سےہے، جس انسان میں نرمی پائی جاتی ہے اس کی طبیعت اور کردار میں نکھار آ جاتا ہے، ہمارے پیارے اور آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم بھی ہر کسی سے نرمی فرماتے تھے، آپ کی اس صفت کے متعلق قراٰن ِ کریم میں ارشاد ہوتا ہے:
(فَبِمَا رَحْمَةٍ مِّنَ اللّٰهِ لِنْتَ لَهُمْۚ )
ترجَمۂ کنزُالایمان: تو کیسی کچھ اللہ کی مہربانی ہے کہ اے محبوب تم ان کے لیے نرم دل ہوئے۔(پ4، اٰل عمرٰن:159)
بعض بچوں کی طبیعت میں سختی پائی جاتی ہے، کسی کی بات جلد نہیں مانتے، چھوٹی چھوٹی باتوں پر غصہ کرتے ، تُو تڑاق اور لڑائی جھگڑےپر اتر آتے ہیں، ایسے بچوں کو کوئی بھی پسند نہیں کرتا، کوئی ایسوں کو دوست نہیں بناتا، ایسے بچے اکیلے ہی رہ جاتے ہیں۔
اچھے بچو! آپ کو بھی چاہئے کہ نرمی اپنائیں، اپنے دوستوں، بھائی بہنوں، والدین اور دیگر افراد کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں، اگر کوئی آپ کے خلاف بات کر دے تو بھی ان کے ساتھ اچھا رویہ اپنایئے اور اللہ و رسول کے پسندیدہ بن جایئے۔
اللہ پاک ہمیں اپنے پسندیدہ اعمال کرتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments